گال ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے 323رنز کی برتری حاصل کرلی

گال ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے 323رنز کی برتری حاصل کرلی
گال ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے 323رنز کی برتری حاصل کرلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گال (ڈیلی پاکستان آن لائن ) گال میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل ختم ہونے پر سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا لیے ہیں اور اُسے پاکستان کیخلاف 323 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں انجیلو میتھوز 35 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان دیموتھ کرونارتنے 27 اور دھننجایا ڈی سلوا 30 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ اس وقت نسیم شاہ نے دو، یاسر شاہ، محمد نواز اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور سری لنکا کو 147 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔

ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے آغاز پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو نروشن ڈیکویلا 51 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔اوشادا فرنینڈو بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 19 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

اس سے قبل کھیل کے تیسرے دن پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ یاسر شاہ اور حسن علی نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا ہی تھا کہ جے سوریا نے حسن علی کو بولڈ کر دیا۔ ان کے بعد آنے والے نعمان علی بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور ایک رن بنا کر رمیش مینڈس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

گرین شرٹس کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یاسر شاہ تھے وہ 26 رنز بنا کر رمیش مینڈس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ آغا سلمان 62 اور امام الحق 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ رمیش مینڈس نے 5 اور پرباتھ جے سوریا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے۔ دنییش چندی مل نے 80 اور اوشادا فرنینڈو نے 50 رنز بنائے تھے۔ نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

مزید :

قومی -کھیل -