اس آدمی نے اپنا لیپ ٹاپ ٹھیک کرنے کیلئے کھول ڈالا،اندر سے کچھ ایسا نکلا کہ دیکھ کر آپ کی سٹی گم ہو جائے گی
برمنگھم (نیوز ڈیسک) اگر آپ نے اپنے کمپوٹر کو ایک لمبے عرصے سے کھول کر نہیں دیکھا تو خبردار رہیں کہ اس کے اندر کوئی انتہائی غیر متوقع مخلوق بھی آباد ہو سکتی ہے۔ اگر آپ کو اس بات پر یقین نہیں آ رہا تو یہ ویڈیو ضرور دیکھئے جو ایک صاحب نے اپنے لیپ ٹاپ کی مرمت کے دوران بنائی۔
اس لیپ ٹاپ کو بھی ایک عرصے سے نہیں کھولا گیا تھا لیکن جب اس میں کسی خرابی کی وجہ سے اسے کھولا گیا تو اندر موجود حشرات نے لیپ ٹاپ کے مالک کو حیران کر دیا۔ پہلے تو اس کے اندر ایک چھوٹا سا کاکروچ نظر آیا لیکن پھر جلد ہی معلوم ہوا کہ یہاں تو پورا کاکروچ قبیلہ آباد تھا۔ یہ کاکروچ لیپ ٹاپ میں طویل عرصہ سے مقیم تھے اور نہ صرف اس تنگ و تاریک جگہ پر رہائش رکھے ہوئے تھے بلکہ حیرت انگیز طور پر اپنی خوراک اور دیگر ضروریات کا بندوبست بھی یہیں کرتے تھے، اور حتٰی کہ افزائش نسل بھی کر رہے تھے۔ ویڈیو دیکھنے والے ایک Reddit صارف کا کہنا ہے کہ بظاہر عجیب و غریب نظر آنے والا یہ واقعہ اتنا بھی عجیب نہیں ہے کیونکہ کاکروچ انتہائی غیر متوقع جگہوں پر گھسنے کے لئے خاص شہرت رکھتے ہیں۔ اس صارف کے مطابق غالباً لیپ ٹاپ کا مالک گیمز کا شوقین کوئی سست نوجوان ہے جو نہ صرف اپنے لیپ ٹاپ کو زیادہ حرکت نہیں دیتا بلکہ اکثر کھانے پینے کی اشیاءبھی اس کے پاس چھوڑ دیتا ہے جو کاکروچوں کو راغب کرنے کی بڑی وجہ ہے۔ کاکروچ گرم مرطوب اور غذا فراہم کرنے والے ماحول کو بہت پسند کرتے ہیں اور غالباً یہی وجہ ہے کہ وہ لیپ ٹاپ کے نیم گرم ماحول میں رہائش پزیر ہوئے جہاں سے نکل کر وہ اپنی غذا لیتے اور پھر واپس لیپ ٹاپ میں جا کر آرام کرتے تھے۔