سیاسی جماعت کیلئے بھارت کی فنڈنگ لمحہ فکریہ ہے: عبدالباسط

سیاسی جماعت کیلئے بھارت کی فنڈنگ لمحہ فکریہ ہے: عبدالباسط

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان کا محب وطن کاروباری طبقہ وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے خلاف سازشوں کو تقویت دینے میں بھارت کی فنڈنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا اور اور فنڈنگ کے حصول کو ملک دشمنی قرار دیتا ہے۔ ملک کی سیاسی جماعت کے لیے بھارت کی فنڈنگ بارے بی بی سی کی فلم اور رپورٹ پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین عبدالباسط نے کہا ہے کہ لاکھوں جانوں کی قربانیوں سے حاصل کردہ پاک وطن کو بھارت نے پہلے دن سے دلی طور پر تسلیم نہیں کیا۔ حیلے بہانوں سے جنگیں مسلط کیں ۔ پانیوں پر ڈاکے ڈالے ۔ دہشت گردوں کی پیٹھ ٹھوکتا رہا ہے۔ اپنے ایجنٹوں اور گماشتوں کے ذریعے کراچی کی کاروباری حیثیت کو مجروح کیا تاکہ پاکستان کو سرمایہ کاروں سے محروم رکھا جاسکے۔ موجودہ حکومت اور پاک فوج کی کاروائیوں سے سازشوں کا تانا بانا ٹوٹ رہا ہے ۔
تاہم عبدالباسط نے کہا ہے کہ قوم کے اتحاد کی طاقت سے بھارتی فنڈنگ سے افراتفری پیدا کرنے والے عناصر کو نفرت کا نشان بنانا ضروری ہے۔ عبدالباسط نے کہا ہے کہ سابق حکومتوں کے ادوار میں را کے پروردہ عناصر کو پلنے بڑھنے کا زیادہ موقع ملا جس کے لیے متعلقہ حکومتوں کے ذمہ داران عوام کی عدالت میں جواب دہ ہیں۔ عبدالباسط نے کہا ہے کہ بھارت سے فنڈنگ کا الزام درست ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ افراد اور جماعت پر پابندی ضروری ہے تاکہ پاک وطن کو سازشی عناصر سے ہمیشہ کے لیے پاک کیا جاسکے۔

مزید :

کامرس -