مسلسل بیٹھے رہنا جسمانی اور نفسیاتی بیماریوں کا سبب ہے،آسٹریلوی ماہرین
سڈنی(اے پی پی) آسٹریلیا کی ڈائیکن یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل بیٹھے رہنا جسمانی بیماریوں کے ساتھ ساتھ نفسیاتی بیماریوں کا سبب بھی بنتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یونیورسٹی ماہرین کی جانب سے حرکت نہ کرنے اور اندیشوں ‘ فکر اور تشویش میں مبتلا ہونے کے موضوع پر کی جانے والی 4 تحقیقات میں 13 ہزار 470 افراد پر ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا اور یہ بات سامنے آئی کہ گھنٹوں کمپیوٹر‘ یا ٹیلی ویژن کے سامنے بیٹھے رہنے والے افراد نیند میں بے قاعدگی اور نظام ہضم میں خرابی کا شکار ہو سکتے ہیں ۔ تحقیق کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ حرکت نہ کرنے اور مستقل بیٹھے رہنے والے افراد جسمانی بیماریوں کے ساتھ ساتھ نفسیاتی بیماریوں ‘ گھلنے ملنے سے ہچکچاہٹ جیسی بیماریوں کا شکار بھی ہو سکتے ہیں ۔