مقبوضہ کشمیرمیں محاصرہ اورتلاشی سوپور کے رہائشی شدید پریشان

مقبوضہ کشمیرمیں محاصرہ اورتلاشی سوپور کے رہائشی شدید پریشان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں سوپور قصبے اور اس سے ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں نے کہا ہے کہ بھارتی فوج ور پولیس نے علاقے میں محاصرہ اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کی ہیں جس دوران انہیں سخت ہراساں کیا جاتا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شوا، ڈورو ، ڈانگر پورہ ، تجر، برتھ، منڈجی، کرالہ ٹینگ اور تکیہ بل کے رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا کہ بھارتی فوجی گشت کے دوران انہیں سخت تنگ کرتے ہیں ۔ ڈورو کے ایک رہائشی نے کہا کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار ان کے علاقے میں مسلسل گشت کرتے رہتے ہیں جس کی باعث وہ انتہائی تنگ ہیں اور وہ صحری اور افطار ی کے اوقات میں گھروں سے باہرنہیں نکل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے ہررہائشی کے چہرے پر خوف و ہراس عیاں ہے۔ محمد الطاف نامی ایک اور رہائشی نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کے متواتر گشت کی وجہ سے علاقے کی خواتین خودکو انتہائی غیر محفوظ سمجھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مردجب نماز کے لیے مساجد میں جاتے ہیں تو وہ اس صورت حال کے سبب اپنی نماز پر اچھی طرح سے توجہ مرکو ز نہیں کرپاتے ۔
یاد رہے کہ نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے سوپور میں موبائل فون کمپنیوں سے وابستہ افراد اور عام شہریوں پر حملوں کے بعد بھارتی فوج، پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے سوپور قصبے اور اسکے مفافاتی علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں تیزی لانے کے علاوہ اپنا گشت بھی بڑھا لیا ہے۔ قصبے میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود گزشتہ چندہفتوں کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے چار حریت کارکنوں سمیت چھ شہریوں کو قتل کر دیا ہے۔ آزادی پسندرہنماؤں اور مقامی لوگوں نے شہریوں کے قتل کوخفیہ بھارتی ایجنسیوں اور انکے ایجنٹوں کی کارستانی قرار دیا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -