سال کا تیسرا گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 29 جون سے شروع ہوگا
لندن (اے پی پی) رواں سال کا تیسرا گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 29 جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں، سربیا کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے جبکہ ویمنز سنگلز مقابلوں میں جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے میدان میں اتریں گی۔ ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز، ویمنز ڈبلز، مکسڈ ڈبلز، بوائز سنگلز، گرلز سنگلز، بوائز ڈبلز، گرلز ڈبلز، مکسڈ ڈبلز کے علاوہ ویل چیئرز ایونٹس بھی ہونگے۔سال کے تیسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن کی انعامی رقم میں مسلسل چوتھی بار اضافہ کر کیا گیا ہے اور مینز اینڈ ویمنز سنگلز ایونٹ کے فاتحین کو یکساں طور پر 1.88 ملین پاؤنڈ ملیں گے۔ گزشتہ سال سنگلز چیمپئنز کو دیئے گئے 1.76 ملین پاؤنڈ مقابلے میں اس بار 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ومبلڈن اوپن آرگنائزرز نے ایک بار پھر میگا ٹورنامنٹ کی انعامی رقم میں اضافہ کیا ہے اور گزشتہ چار برسوں کے دوران مجموعی طور پر انعامی رقم میں 26.75 ملین پاؤنڈ اضافہ کیا گیا ہے، رواں سال مینز اینڈ ویمنز سنگلز ایونٹ کے فاتح کھلاڑی یکساں طور پر 1.88 ملین پاؤنڈ کے حقدار ٹھہریں گے۔ آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ انعامی رقم میں اضافے کا مقصد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ بھرپور انداز میں ایونٹ میں شرکت کریں اور شائقین کو خوب تفریح مہیا کر سکیں۔ ٹورنامنٹ گراس کورٹ پر کھیلا جائیگا۔ میگا ایونٹ میں واضح رہے کہ ایونٹ 29 جون سے 12 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔