بلدیاتی الیکشن کے لئے حلقہ بندیوں کی تیاری

بلدیاتی الیکشن کے لئے حلقہ بندیوں کی تیاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

صوبائی الیکشن کمیشن نے صوبے میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اضلاع میں حلقہ بندیوں کے لئے نقشے تیار کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ پنجاب حکومت یہ انتخابات ستمبر میں کرانے کا اعلان کر چکی ہے بعض اطلاعات ایسی ہیں کہ حکومت یہ ایک ماہ آگے لے جانا چاہتی ہے، تاہم الیکشن کمیشن کے فرائض اپنے ہیں، صوبائی الیکشن کمیشن نے واضح ہدایات کے تحت کمشنر حضرات کے توسط سے تمام اسسٹنٹ کمشنر حضرات کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار کے علاقے میں یونین کونسلوں کے نقشہ جات کی تیاری شروع کر دیں۔معاصر کی خبر میں بتایا گیا ہے کہ لاہور کی پانچ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر حضرات کو274 یونین کونسلوں کے نقشہ جات تیار کر کے فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صورت حال یہ ہے کہ اگر نقشے ہی نہ ہوں تو بلدیاتی امیدواروں کو حلقہ بندی کے حوالے سے اپنے اعتراضات دائر کرنے میں پریشانی ہو گی، اس لئے یہ کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری طرف حکومت پنجاب ابھی تک بلدیاتی قانون کو حتمی شکل نہیں دے پائی اور اس میں ترامیم تیار کی جا رہی ہیں۔ اگر حکومت نے قانون میں ایسی تبدیلیاں کیں جو حلقہ بندی پر اثر انداز ہو سکتی ہوں تو زیادہ مشکل ہو جائے گی، بہتر عمل ہو گا کہ حکومت قانون کی نوک پلک سنوار کر جلد از جلد منظور کرائے تاکہ الیکشن کمیشن تمام انتظامات اس کے مطابق کر سکے۔ اگر قانون میں تاخیر ہوئی اور کوئی ایسی شق رکھ دی گئی، جس سے الیکشن کمیشن کی حلقہ بندیوں پر اثر پڑے تو پھر مشکل ہو گی اور انتخابات میں تاخیر کا سبب بن سکتی ہے، حکومت کو خود اس کا خیال رکھنا ہو گا۔

مزید :

اداریہ -