کراچی کا امن تباہ کرنے والے خمیازہ بھگتیں گے،عبدالعلیم خان
لاہور(نمائندہ خصوصی )چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بی بی سی کی چشم کشا رپورٹ سے ایم کیو ایم ایک بار پھربری طرح سے "ایکسپوز "ہوگئی ہے ، لسانی اور گروہی بنیادوں پر سیاست کی آڑ میں قتل و غارت، لوٹ مار، بھتہ خوری اور غنڈہ گردی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے بدترین دشمن ہیں جو کسی رعایت کے مستحق نہیں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اور اسکی گھناؤنی سرگرمیوں کے بارے میں عمران خان کا دوٹوک موقف درست ثابت ہواجنہوں نے سب سے پہلے ایم کیوایم کا پردہ چاک کیا اور اس کے خلاف برطانیہ کے اداروں سے رجوع کرنے کا اعلان کیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ موجودہ حکومت کی بھی ناکامی ہے جس کی ناک کے نیچے ملک دشمن عناصر کام کررہے ہیں جبکہ حکمرانوں کو ذاتی بزنس میں اضافے کے علاوہ ملکی مفادات کی کوئی پرواہ نہیں انہوں نے کہا کہ ہر صورت میں بھارتی دہشت گردی ناقابل برداشت جرم ہے اور انشاء اللہ افواج پاکستان اور رینجرز سمیت قومی ادارے اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ براہ ہونگے اور عوام کو ا ن سے وابستہ اُمیدیں پوری ہونگی ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی جیسے معاشی مرکز اور ملک کے سب سے بڑے شہر کا امن تباہ کرنے والوں کو خمیازہ بھگتنا ہوگا اور اب "بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی"کے مصداق الطاف حسین اور اسکے ساتھیوں کو کٹہرے میں آنا ہوگا۔عبدالعلیم خان نے ایم کیو ایم کے کارکنوں اور عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ خود کو تشدد اور ملک دشمنی کی سیاست سے علیحدہ کریں اور وطن عزیز کے خلاف کاروائیا ں کرنے والوں کوقانون نافذکرنے والے اداروں کے حوالے کریں۔عبدالعلیم خان نے عمران خان کے دورہ کراچی کو سراہتے ہوئے اسے بروقت اقدام قرار دیا انہوں نے کہا کہ سندھ کی بے حس حکومت نے شہریوں کی ہلاکتوں سے کوئی سبق نہیں سیکھاجبکہ وفاقی حکومت بھی ٹس سے مس نہیں ہورہی انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نجی مصروفیات ترک کرکے کراچی کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔