ہسپتالوں کی انتظامیہ کو بورڈ آفمینجمنٹ کی سیٹوں پر بھرتی سے روک دیا گیا
لاہور(جاوید اقبال)محکمہ صحت نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت تما م ہسپتالوں کی انتظامیہ کو بورڈ آف منیجمنٹ کی سیٹوں پر بھرتی سے روک دیا ہے جبکہ ساتھ ہی گریڈ 17کی سیٹوں پر 89دنوں کیلئے براہ راست ورک چارج بنیادوں پر بھرتی کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے اور اس سلسلے میں پی آئی لاہور کیطرف سے گریڈ17کے فارماسسٹوں کی بورڈ کی سیٹوں پر بھرتی کو بھی روک دیا ہے۔ا س ہسپتال میں دو ماہ قبل بورڈ آف منیجمنٹ کی سیٹوں پر گریڈ17میں فارماسسٹوں اور ڈاکٹروں کی بھرتی کیلئے باقاعدہ اخبارات میں تشہیر کے ذریعے درخواستیں طلب کی تھیں جس پر سینکڑوں امید واروں نے درخواستیں جمع کرائیں جس پرشارٹ لسٹنگ کے بعد تحریری ٹیسٹ اور انٹرویوکا مرحلہ بھی مکمل ہو گیا تھا اور آئندہ چند روز میں کامیاب امیدواروں کو کنٹریکٹ پر بھرتی کے تقرر نامے جاری کیے جانے تھے کہ اچانک محکمہ صحت کو بھرتی سے روک دیا گیا ہے اس سلسلے میں محکمہ صحت کیطرف سے پی آئی سی کے چیف ایگزیکٹو اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ گریڈ17پر بھرتی کا اختیار نہیں رکھتے لہٰذا بھرتی کا عمل روک دیا جائے ،دریں اثنا محکمہ صحت نے خود مختار ہسپتالوں کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ گریڈ 16اور17میں بورڈ آف منیجمنٹ کی نامزد سیٹوں پر بھرتی نہیں کر سکتے جو ہسپتال ایسا کرے گا اس کا بھرتی کا عمل غیر قانونی تصور ہو گاجس کا باقاعدہ طور پر نو ٹیفیکشن جاری کر دیا گیا۔اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ نے محکمہ صحت کو جوابی خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں گریڈ17سمیت دیگر خالی سیٹوں پر جو خالصتاًبورڈ آف منیجمنٹ کی سیٹیں ہیں اور خالی پڑی ہیں ان پر بھرتی کی اجازت دی جائے یا محکمہ صحت برائے راست بھرتی کرے یا بھرتی کی اجازت دے۔