اٹاری سروبہ ویلفیئر سوسائٹی 28جون کو مطالبات کے حق میں ریلی نکالے گی
لاہور (پ ر) اٹاری سروبہ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ماہانہ اجلاس زیر صدارت ملک محمد شاہد صفدر اعوان بمقام اٹاری ہوا، جس میں اہل علاقہ کے علاوہ سوسائٹی کے تمام عہدیداروں نے بھرپور شرکت کی، اجلاس میں اس بات پر غو ر کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے دی گئی خصوصی گرانٹ 2 کروڑ 87 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے دفتر یونین کونسل 141 تار دربار اٹاری سروبہ (فیروز پور روڈ لاہور) تک مین سیوریج کا جو کام جاری ہے، اس کی تیاری میں مناسب گہرائی نہیں کی جا رہی، گہرائی کی منظور شدہ حد 12 تا 27 فٹ ہے جبکہ محکمانہ عملہ صرف 2 تا 12 فٹ گہرائی کر رہا ہے معمولی بارش کی صورت میں تمام علاقہ پانی میں ڈوب جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 28 جون صبح 8 بجے اٹاری ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے دفتر یونین کونسل اٹاری سروبہ تا وزیراعلیٰ ہاؤس ماڈل ٹاؤن تک ریلی نکالی جائے گی، تمام عہدیداران نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں وزیراعلیٰ سے اپیل کی گئی کہ وہ اس معاملے کا از خود نوٹس لیں۔