سندھ حکومت نے کراچی کے عوام کو مرنے کیلئے چھوڑ دیا،عامر نواب خان
لاہور(پ ر)مسلم لیگ(ن) لاہورکے نائب صدرعامرنواب خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی کے عوام کومرنے کیلئے چھوڑدیا ۔جس وقت شہرقائد ؒ میں پانی سے محروم لوگ شدیدگرمی کے سبب بلک بلک اورتڑپ تڑپ کرمررہے تھے اس وقت آصف زرداری سیاست بچانے اورچمکانے کیلئے اپنے اتحادیوں کے اعزازمیں گرینڈ افطار پارٹی کااہتمام کئے بیٹھے تھے۔سندھ کے حکمران بدعنوانی کی دوڑمیں سب سے آگے جبکہ عوام کی خدمت کے معاملے میں سب سے پیچھے ہیں۔سندھ کی بدعنوان اوربد نیت حکومت کی مجرمانہ غفلت سے کراچی کسی آفت زدہ شہر کامنظرپیش کررہا ہے۔ وہ مخدوم آبادمیں ایک افطارپارٹی سے خطاب کررہے تھے ۔
عامرنواب خان نے مزید کہا کہ کراچی میں دوہزاراموات سندھ حکومت کی بے حسی اور نااہلی کانتیجہ ہیں۔ وفاقی حکومت کیخلاف منفی اوربے بنیادپروپیگنڈا کرنے کی بجائے سندھ کی نااہل حکومت فوری طورپرمستعفی ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دوراقتدارمیں کراچی سمیت سندھ بھرمیں ایک بھی بڑے ترقیاتی پراجیکٹ کی تعمیراور تکمیل نہیں ہوئی۔ سندھ کے جیالے وزیراعلیٰ نے موہنجوداڑومیں ناچ گانے کی محفلیں سجانے کے سواکچھ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کوبجلی بنانے کا بھرپور اختیارحاصل ہوگیا ہے ۔سندھ کی باگ ڈوردرحقیقت آصف زرداری کے ہاتھوں میں ہے اورموصوف وہاں کے شہنشاہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قائم علی شاہ کوہربارمحض خانہ پری کیلئے وزیراعلیٰ سندھ بنایا گیا جبکہ وہ ڈیلیور کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ۔ آصف زرداری اوران کے حواری سندھ کے وسائل پرپل رہے ہیں اور عیش وعشرت کی زندگی چھوڑنے کیلئے تیار نہیں جبکہ ان کی ہوس پرستی کاخمیازہ کراچی کے معصوم عوام کوبھگتناپڑرہا ہے۔