کرا چی میں ہلاکتوں پر’’کے الیکٹرک‘‘ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

کرا چی میں ہلاکتوں پر’’کے الیکٹرک‘‘ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد(اے این این) کراچی میں شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے باعث ہونے والی اموات پر کے الیکٹرک کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔جمعرات کو محمود اخترنقوی نے سپریم کورٹ میں کراچی میں اموات اورکے الیکٹرک کے خلاف آرٹیکل 184 کی شق (3) کے تحت درخواست دائرکرائی ہے جس میں وفاقی و سندھ حکومت اورکے الیکٹرک کوفریق بنایا گیا ہے،درخواست گزارنے استدعا کی ہے کہ شہر قائد میں حالیہ ہلاکتوں کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے، اس لئے عدالت سے درخواست ہے کہ کے الیکٹرک کی نج کاری ختم کرکے اسے دوبارہ وفاقی حکومت کی تحویل میں دیا جائے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جائے۔۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ کے الیکٹرک کے تمام عہدیداروں اور افسران کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جائیں جبکہ کراچی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو سندھ حکومت پچیس لاکھ اور وفاق دس لاکھ روپے ادا کرے ۔ درخواست میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف ، عابد شیر علی ، سیکرٹری پانی و بجلی ، وزیر اعلی سندھ ، چیف ایگزیکٹو آفیسر کے الیکٹرک اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ 5 روزکے دوران شدید ترین گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے باعث ہزار سے زائد افراد جاں بحق جب کہ ہزاروں اب بھی شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

مزید : صفحہ اول