چین نے پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک اور بھارتی کوشش ناکام بنا دی

چین نے پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک اور بھارتی کوشش ناکام بنا دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 برسبین(اے این این) چین نے پاکستان پر بھارت کا ایک اور وار ناکام بنا دیا ٗ کالعدم لشکر طیبہ اور حافظ سعید کا معاملہ ایف اے ٹی ایف میں اٹھانے کی کوشش ،امریکہ نے بھی بھارت کا ساتھ دیا،آسٹریلیا نے چین کے موقف کی تائید کی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر برسبین میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف ) کے اجلاس میں بھارت نے پاکستان پر دہشتگردوں کی معاونت اور پشت پناہی کرنے کا الزام عائد کیا اور موقف اختیار کیا کہ پاکستان کالعدم لشکر طیبہ سمیت دیگر تنظیموں کے خلاف کارروائی میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ پاکستان نے ابھی تک لشکر طیبہ اور اس کے اتحادی گروپوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور ان کے اثاثے تک منجمد نہیں کئے ۔ اجلاس میں امریکہ نے بھی بھارت کے موقف کی حمایت کی اور مطالبہ کیا کہ پاکستان دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی سے گریز کرے تاہم اس موقع پر چین کی جانب سے پاکستان کو کلین چٹ دی گئی اور چین کے نمائندے نے بھارت اور امریکہ کے الزامات کومسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف موثر کردار ادا کررہا ہے ، پاکستان سے جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ کررہا ہے ۔ پاکستان نے منی لانڈرنگ کیخلاف بھی موثر اقدامات کئے ہیں اور اس کی رپورٹ ایشیاء پیسفک گروپ کو بھی بھیجی گئی ہے ۔ بھارت کی جانب سے پاکستان پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ وہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کے خلاف کارروائی سے گریز کررہا ہے اور پاکستان میں کئی تنظیمیں کھلے عام فنڈریزنگ کررہی ہیں ۔ چین نے پاکستان پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا الزام مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کا ممبر نہیں ہے اور بھارت کو یہ مسئلہ اس فورم پر اٹھانے کا حق نہیں ہے ۔چین کے نمائندے نے موقف اختیار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دے رکھی ہیں آسٹریلیا نے بھی چین کے اس موقف کی حمایت کی ۔

مزید :

صفحہ اول -