حافظ حفیظ الرحمان گلگت بلتستان کے بلا مقابلہ وزیر اعلٰی منتخب ،آج حلف اٹھائیں گے

حافظ حفیظ الرحمان گلگت بلتستان کے بلا مقابلہ وزیر اعلٰی منتخب ،آج حلف ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 گلگت (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمان گلگت بلتستان کے بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے، وقت ختم ہونے تک کسی نے بھی ان کے مقابلے میں نامزدگی جمع نہ کرائے، حافظ حفیظ الرحمان کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر ان کی رہائش گاہ پر کارکنوں نے جشن منایا، بھگڑے ڈالے اور انہیں مبارکبادیں دینے کا تانتا بندھا رہا، نو منتخب وزیر اعلیٰ اپنے عہدے کا حلف (آج) اٹھائیں گے، گورنر جی بی چوہدری برجیس طاہر ان سے حلف لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان کے سپیکر کے پاس وزارت اعلیٰ کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے تھے تاہم اس دوران مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور وزارت اعلیٰ کے عہدے کیلئے نامزد امیدوار حافظ حفیظ الرحمان نے سب سے پہلے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، تمام امیدواروں کو سہ پہر 3 بجے تک سپیکر کے پاس اپنے کاغذات جمع کرانے کا وقت دیا گیا تھا تاہم مقررہ وقت ختم ہونے پر کسی بھی امیدوار نے حافظ حفیظ الرحمان کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی جمع نہ کرائے جس کے بعد انہیں بلامقابلہ منتخب قرار دے دیا گیا اور اس طرح وہ گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ بن گئے، وہ موجودہ سیٹ اپ کے تحت بننے والے دوسرے وزیر اعلیٰ ہیں، اس سے پہلے پیپلز پارٹی کے سید مہدی شاہ وزیراعلیٰ جی بی رہ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ(ن) کے پاس 33رکنی ایوان میں 22 اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے پاس گیارہ نشستیں تھیں، مسلم لیگ (ن) کو پہلے سے ہی ایک تہائی اکثریت حاصل تھی جبکہ ماہرین تجزیہ کاروں نے پہلے ہی حافظ حفیظ الرحمان کی کامیابی کو یقینی قرار دے دیا تھا،وزارت اعلیٰ کے عہدے کیلئے حلف برداری کی تقریب (آج) چنار باغ میں ہو گی ، جس دوران گورنر گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نو منتخب وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن سے حلف لیں گے، اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ، سپیکر و ڈپٹی اسپیکر اور دیگر اہم شخصیات کی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے فدا محمد ناشاد، گلگت بلتستان قانون اسمبلی کے سپیکر اور جعفر اللہ بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئے، سبکدوش ہونے والے سپیکر وزیر بیگ نے فدا محمد ناشاد سے حلف لیا جبکہ فدا محمد ناشاد نے نو منتخب ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ مسلم لیگ (ن) کی کامیاب سیاسی حکمت عملی اور علاقے کے وسیع تر مفاد میں تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسلمین نے اپنے امیدواروں کو مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے حق میں دستبردار کر لیا تھا۔

مزید :

صفحہ اول -