وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وزراء کی رمضان بازاروں میں اچانک چیکنگ
لاہور(پ ر)وزیراعلی پنجاب محمدشہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزراء ، سیکرٹریز اور دیگر اعلی افسروں نے مختلف شہروں میں رمضان بازاروں کے دورے کئے اوراشیائے خوردونوش کے معیار ، نرخ ، رسد اور انتظامات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول بلال یاسین نے فیصل آباد ، ننکانہ صاحب اور جڑانوالہ میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے ۔صوبائی وزیر فیضان مدینہ چوک ، سوساں روڈ اور دیگر رمضان بازاروں میں گئے اور سٹالز پر پھلوں، سبزیوں، دالوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کے نرخ، معیار اور رسد کو چیک کیا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر شہریوں سے رمضان بازار کی افادیت اور انتظامات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔صوبائی وزیر خوراک نے رمضان بازاروں کے انتظامات کو قابل اطمینان قرار دیا۔صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن مجتبی شجاع الرحمن نے لاہور میں شادمان ، اسلام پورہ اور دیگر رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے۔انہوں نے اشیائے خوردونوش کے معیار اور نرخ کا جائزہ لیا اور انتظامیہ پر اشیائے ضروریہ کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔مجتبی شجاع الرحمن نے رمضان بازار میں آنے والے شہریوں سے ان کے تاثرات معلوم کئے ۔صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے لاہور کے مختلف رمضان بازاروں کے دورے کرکے سٹالز پر موجود اشیائے خوردونوش کا جائزہ لیا۔