پنجاب حکومت کو معذور کوٹے کی تمام خالی اسامیاں 3ماہ میں پرکرنیکا حکم
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سیدمنصور علی شاہ نے حکومت پنجاب اور نابینا افراد کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت پنجاب کومعذور افرادکے لئے مختص کوٹے کے مطابق تمام خالی اسامیاں 3ماہ میں پر کرنے کا حکم دے دیا ۔وفاقی حکومت کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر عدالت کا سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے نجی اداروں میں بھی معذوروں کے کوٹے پر عمل درآمد کی رپورٹ طلب کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16جولائی تک ملتوی کردی ہے ۔درخواست گزارمحمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت معذوروں کے کوٹے پر عمل نہیں کر رہیں جس کی وجہ سے وہ سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔سرکاری وکیل نے حکومت پنجاب کی جانب سے عدالت کو بتایا کہ حکومت اور نابینا افراد کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے اس پر عمل درآمد کے لئے چھ ماہ کی مہلت دی جائے۔ صوبائی محکوں کے لئے معذوروں کے کوٹے کے مطابق1909خالی اسامیوں کا اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔مزید943خالی نشستوں کے کوٹے کے مطابق اشتہار جلد جاری کر دیا جائے گا۔جس پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے حکومت پنجاب اور نابینا افراد کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو مسترد کردیا،عدالت نے حکومت پنجاب کومعذور افرادکے لئے مختص کوٹے کے مطابق تمام خالی اسامیاں تین ماہ میں پر کرنے کا حکم دے دیا۔کیس پرمزید سماعت 16 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔