حکومت ملک کو نقصان سے بچانے کیلئے ایم کیو ایم پر الزامات کی فی الفور تحقیقات کرے ، عسکری ماہرین

حکومت ملک کو نقصان سے بچانے کیلئے ایم کیو ایم پر الزامات کی فی الفور تحقیقات ...

 لاہور(محمد نواز سنگرا) متحدہ قومی مومنٹ کے پکڑے جانیوالے کارکن مانتے ہیں کہ ’’را‘‘ان کی جماعت کو فنڈنگ اور بھارت تربیت بھی کر رہا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے عسکری ونگ سے متعلق شواہد کی بروقت تحقیقات ہونی چاہئے وگرنہ ملک کا نقصان ہو گا۔ان خیالات کا اظہار ملک کے عسکری ماہرین نے روز نامہ پاکستان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ہے۔جنرل(ر)راحت لطیف نے کہا کہ کراچی سے دہشتگردوں کا صفایاوقت کی اہم ضرورت ہے۔ بینظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں میجر جنرل(ر) نصیر اللہ بابر نے کارروائی کر کے کراچی کے حالات بہتر بنائے مگر بعدازاں حکمرانوں کی سستی کی وجہ سے حالات خراب ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب ایم کیو ایم کے پکڑے جانیوالے کارکن تسلیم کرتے ہیں کہ بھارتی حکومت تربیت اور اس کی خفیہ تنظیم’’را‘‘فنڈنگ کر رہی ہے تو تحقیقات کرنے میں دیر کیوں ہورہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پروفیشنل سولجر آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ آرمی چیف جنر ل راحیل شریف جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں لہٰذا سیاسی حکومت کو بھی آئینی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔جنرل(ر)جمشید ایاز نے کہا کہ متحدہ کے خلاف الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا اور اگر ایم کیو ایم قصور وار ہے تو پھر ملک کو نقصان پہنچانے والی قوتوں کا صفایا ہونا چاہئے۔بریگیڈئیر (ر)محمد یوسف نے کہا کہ صرف ایم کیو ایم ہی نہیں بلکہ دیگربہت ساری قوتیں بھی ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے سرگرم ہیں اس لئے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملک کو نقصان پہچانے والی قوتوں کیخلاف اعلان جنگ کریں جبکہ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ سے رجوع کریں گے لہٰذاایم کیو ایم پر لگائے جانیوالے الزامات کی چھان بین ہونی چاہئے۔

مزید : علاقائی