کراچی ، پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کے 4ملزم ہلاک ، 2ٹارگٹ کلرز گرفتار
کراچی(اے این این)کراچی کے علاقے کلری اور اورنگی ٹاؤن میں پولیس مقابلے ،لیاری گینگ وار کے 4ملزمان ہلاک ، 2ٹارگٹ کلرز کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا۔ ایس ایس پی سٹی فدا حسین کے مطابق کلری میں گینگ وار کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے تلاشی لی گئی سرچ آپریشن کید وران گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ میں گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 4ملزمان ہلاک ہو گئے ۔ ہلاک ملزموں کا تعلق شیراز کامریڈ گروپ سے تھا۔ ملزموں کے قبضے سے 4 دستی بم اور 2 ایس ایم جی رائفلز برآمد ہوئے۔ ہلاک ملزموں نے ریلوے کالونی اور لی مارکیٹ میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ ہلاک ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔دوسری جانب اورنگی ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلہ کے بعد 2 ٹارگٹ کلر زخمی حالت میں گرفتارکرلئے گئے،ایس ایس پی ویسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں مبینہ پولیس مقابلہ 2 ٹارگٹ کلر زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے، دونوں ٹارگٹ کلرزکچھ روز قبل پولیس کے مخبرکو قتل کرنے سمیت دیگر وارداتوں میں مطلوب پولیس کومطلوب تھے،ملزمان کا تعلق بھتہ خور گروپ سے ہے، جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔