چکوال میں کانگو وائرس سے شہری کی ہلاکت، محکمہ صحت نے صوبہ بھر کے ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا
لاہور(آن لائن) محکمہ صحت نے چکوال میں کانگو وائرس سے شہری کی ہلاکت کے بعد تمام ایم ایس صاحبان اور ای ڈی اوز ہیلتھ کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ ای ڈی اوز ہیلتھ کو محکمہ لائیو سٹاک کے حکام کیساتھ ملکر حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔ذرائع کے مطابق چکوال میں ایک شہری کی کانگو وائرس کی وجہ سے ہلاکت واقع ہوچکی ہے جس کے بعد محکمہ صحت نے صوبہ بھر کے ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے جاری ہونیوالے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ مریضوں کے علاج آئسولیشن وارڈ میں کام کرنیوالے ڈاکٹر اور عملہ کو حفاظتی کٹس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ ای ڈی اوز ہیلتھ محکمہ لائیو سٹاک کے حکام کیساتھ ملکر حفاظتی اقدامات اپنائیں۔