باپ پر بچوں کو دودھ کی بجائے شراب پلانے کا الزام،عدالتی مداخلت پر بچے ماں کے حوالے کردیئے گئے
لاہور(نامہ نگار)بے حس باپ نے بچوں کو دودھ کی بجائے شراب پلا کر سلانا شروع کر دیااور ماں کے احتجاج پر بچے چھین کر گھر سے نکال دیا۔ عدالت سے رجوع کر نے پر سیشن کورٹ نے دونوں بچوں کو برآمد کرا کے ماں کے حوالے کر دیا،ایڈیشنل سیشن جج شاہدہ سعید کی عدالت میں فاروق گنج کی مہر النساء نے اپنے وکیل کی وساطت سے اپنے 2 بچوں ، 11ماہ کے عمیر اور 2 سالہ ثمینہ کی بازیابی کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ سائلہ کا شوہر شراب کی خرید وفروخت کا کاروبار کرتا ہے، گھر میں خرچہ بالکل نہیں دیتا، بچوں کے رونے پر اس نے شوہر عمر سے خرچہ مانگا جس نے دینے سے انکار کر دیا۔بعد میں جب بھی وہ خرچہ مانگتی وہ بچوں کے منہ میں شراب کے قطرے ڈال کر سلا دیتا،اس نے احتجاج کیا تو اس نے اسے مار کر گھر سے نکال دیا اور دونوں بچوں کو چھین لیا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اس کے بچوں کو برآمد کرایا جائے جس پر عدالت نے متعلقہ پولیس کی مدد سے بچوں کو برآمد کرکے ماں کے حوالے کر دیا۔