تاجر ماہ صیام کے تقدس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم کر دیں ، مفتیان اہل سنت

تاجر ماہ صیام کے تقدس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم کر دیں ، مفتیان اہل سنت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(خبر نگار خصوصی)تنظیم اتحاد امت پاکستان کے چیئرمین محمد ضیاء الحق نقشبندی کی اپیل پر پچاس سے زائد مفتیان اہل سنت نے اپنے اجتماعی شرعی اعلامیہ میں تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے احترام میں روزمرہ کے استعمال کی چیزوں کی قیمتیں کم کر دیں اور مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کے ذریعے اللہ کے عذاب کو دعوت نہ دیں کیونکہ ناجائز منافع خوری کرنے والے تاجر رمضان المبارک کی برکتوں سے محروم رہتے ہیں اس لئے تاجر کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں بڑھا کر اپنی آخرت تباہ نہ کریں ۔شرعی اپیل جاری کرنے والے مفتیان اہل سنت میں علامہ محمد راغب حسین نعیمی ،مفتی محمدخان قادری،علامہ مفتی پیر محب اللہ نوری، علامہ مفتی رضائے مصطفی نقشبندی ، مفتی محمد رمضان سیالوی، مفتی جمیل احمد نعیمی ، علامہ مفتی منشاء تابش قصوری ، مفتی غلام حسن قادری، علامہ مفتی محمد نعیم جاوید نوری ،مفتی مسعود الرحمن مفتی محمد عمران حنفی ،مفتی محمد حسیب قادری ،مفتی مشتاق احمد نوری،مفتی پیر سید کرامت علی حسین شاہ ،مفتی محمد کریم خان،مفتی محمد قیصر شہزاد نعیمی ،ڈاکٹرمفتی محمد عمرانی نظامی ، علامہ شفاعت رسول قادری، پیر خواجہ غلام قطب الدین فریدی ، علامہ محمد شہزاد مجددی ،مولانا مجاہد عبدالرسول قادری ،مفتی انتخاب احمد نوری ،مفتی ابو اعوان ایڈووکیٹ ،پیر سید مفتی واجد علی شاہ گیلانی ،مفتی محمد سہیل ،مفتی محمد شاہد مدنی ،ڈاکٹر مفتی سلیمان قادری ،صاحبزادہ حامد رضا ، صاحبزادہ مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی ،مولانامفتی گلزار احمد نعیمی ،مفتی محمد نعیم ، مفتی محمد افضل باجوہ ،مفتی محمد عارف سعیدی ، علامہ باغ علی رضوی ،پروفیسر عبدالعزیز نیازی ، علامہ ذوالفقار مصطفی ہاشمی ، حافظ محمد اکبر جتوئی ، مولانا محمد اعظم نعیمی ، علامہ پروفیسر وارث علی شاہین ، علامہ محمد قاسم علوی ،علامہ پروفیسر محمد احمد اعوان، علامہ کوکب نعیمی ،مولانالیاقت علی قادری ،علامہ محمد اصغر علی نورانی ،مولانا محمد علی نقشبندی ، علامہ غلام مرتضیٰ تبسم ،صاحبزادہ عثمان غنی ،قاری محمد یسین حبیب مجددی ،علامہ محمد ریاض قصوری ، مولانا محمد لیاقت قادری، علامہ محمد منیر شکوری ،مولانا عبدالرحمن جامی ، حافظ محمد افضل ،قاری محمد مشتاق ،قاری محمد بشیر قادری ،علامہ محمد صفدر خان ،علامہ احسان اللہ ،علامہ محمد ارشد قادری ،علامہ محمد امین قادری ،علامہ محمد سلیم چشتی ،علامہ محمد بخش چشتی ،علامہ محمد ادریس نیازی ،مولانا محمد شجاعت قادری ،علامہ بدر منیر ،علامہ سید حماد شاہ کا کہنا تھا کہ تاجر رمضان میں اپنی تجوریاں بھرنے کی بجائے غریب روزے داروں کی دعائیں لیں ۔غریبوں کا خون چوس کر اللہ کو راضی نہیں کیا جا سکتا ۔ناجائز منافع خوری ایک نحوست ہے جس میں مال بہت ہے لیکن سکون نہیں ہے اورناجائز منافع خوری کے گناہ کے مرتکب تاجر وں کے رزق، گھراور وقت میں برکت نہیں رہتی ۔ان کا کہنا تھا کہ ناجائز منافع خوری کے ذریعے مال حاصل کر کے دوا تو خریدی جا سکتی ہے مگر صحت اور سکون نہیں لہٰذاتاجرجان لیں ،کہ تجارت نہایت فضیلت اور برکت والا پیشہ ہے لیکن اس کی فضیلتیں اس صورت میں حاصل کی جا سکتی ہیں جب تجارت اسلام کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق کی جائے ۔شرعی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جمعہ26جون کو ملک بھر کی مساجد ناجائز منافع خوری کے موضوع پر خطبات جمعہ دئیے جائیں گے جمعہ کے اجتماعات میں تاجروں سے ناجائز منافع خوری چھوڑنے کی اپیل کی جائے گی ۔شرعی اپیل میں ملاوٹ کو بدترین گناہ اور سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دودھ میں ملاوٹ ،گوشت میں پانی ، مرچوں میں ملاوٹ،فروٹ کو میٹھا کرنے کے لیے میڈیسن کا استعمال کرنابدترین گناہ ہے ۔ایسے تمام تاجر جو ناجائز منافع خوری میں ملوث ہیں وہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں اللہ کی بارگاہ میں دائمی توبہ کریں۔شرعی اپیل میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں غیر مسلم اپنے مذہبی تہواروں کے موقع پر ضروریات زندگی کی قیمتیں کم کر دیتے ہیں لیکن اس کے برعکس بدقسمتی سے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مسلمان تاجر رمضان المبارک اور مذہبی تہواروں کے موقع پر اشیاء ضروری کی قیمتیں بڑھا کر غیر اسلامی اورغیر اخلاقی فعل کا ارتکاب کرتے ہیں ان کا یہ طرز عمل اسلام اور مسلمانوں کی بدنامی کا باعث بنتا ہے۔ علماء کرام ومشائخ عظام نے تاجروں سے کہا ہے کہ تجارت وہ افضل پیشہ ہے جس کو کریم آقاﷺ خود کرتے رہے ہیں اور دوسری طرف سورۃ النساء کی آیت نمبر 2میں اللہ رب العزت ارشاد فرما رہا ہے کہ ’’اچھے مال کو برے مال سے نہ بد لو‘‘صحیح مسلم میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہﷺ کا گزر ایک ایسے شخص کے پا س سے ہوا،جو غلہ بیچ رہا تھا ۔آپ ﷺ نے اپنے ہاتھ مبارک کو اس غلے میں داخل کیا تو اندر سے بھیگا پایا۔یہ دیکھ کر حضور پر نورﷺنے ارشاد فرمایا۔جو کوئی بھی دھوکہ دہی کرے گا وہ ہمارے طریقے پر نہیں ہے ۔ حدیث میں ہے کہ لوگوں کو تنگی میں مبتلا دیکھنے کے باوجود ذخیرہ اند وزی کرنے والا ملعون ہے ۔تاجر یادر کھیں کہ نیک عمل اسی وقت قبول ہوں گے جب غذا حلال ہوگی ۔جب غذا حلا ل نہ ہوگی تو نیک عمل اوردعائیں قبول نہیں ہوں گی اس تاجر ناجائز منافع خوری کے ذریعے اپنے رزق کو حرام نہ بنائیں ۔

مزید :

علاقائی -