لوڈ شیڈنگ کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے آج احتجاج ہوگا ،منظوروٹو

لوڈ شیڈنگ کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے آج احتجاج ہوگا ،منظوروٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(اے این این)پیپلز پارٹی پنجاب دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کر کل شام 5بجے صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف پریس کلب لاہور کے سامنے بھرپور احتجاج کرے گی۔ یہ بات میاں منظور احمد وٹو، صدر پیپلز پارٹی پنجاب کی زیرصدارت جمعرات کے اجلاس میں بتائی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کا اس سلسلے میں اپوزیشن پارٹیوں کے ممتاز لیڈروں سے کل رابطہ ہوا تھا جن میں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری محمد سرور اور رحیق عباسی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیاسی قائدین نے اتفاق کیا ہے کہ کل کا احتجاج لاہور میں لوڈشیڈنگ کے خلاف ایک تاریخی احتجاج ہو گا جسمیں صوبے کی تقریباً تمام اپوزیشن پارٹیاں شرکت کریں گی۔ اجلاس میں ایک آرگنائزنگ کمیٹی کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا گیا جو کہ احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے پارٹی کے آج کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کو عملی جامہ پہنائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لاہور سے قومی اسمبلی کے 13 اور صوبائی اسمبلی کے 25 پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور انکے سپورٹرز کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔اسکے علاوہ پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ احتجاج میں پارٹی کی بھرپور شرکت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔اجلاس میں لیبر، انسانی حقوق، وویمن ونگ، پی وائی او، پی ایس ایف، پیپلز لائرز فورم، علماء ونگ اور اقلیتوں کے نمائندوں نے بتایا کہ میڈیا کل خود دیکھ لے گا کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے لوڈشیڈنگ کے خلاف کتنی بڑی تعداد میں شریک ہیں۔آج کے اجلاس میں جنہوں نے شرکت کی، ان میں تنویر اشرف کائرہ، سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی پنجاب، سہیل ملک، منظورمانیکا، جہاں آراء وٹو، زاہد ذوالفقار، راجہ عامرخان، اسلم گل، دیوان محی الدین، میاں ایوب، میاں عبدالوحید، رانا گل ناصر، افنان صادق بٹ، عمران اٹھوال،حق نواز خان، لبنیٰ ایڈووکیٹ، عارف خان، آصف ناگرہ، ملک آصف اعوان، ڈاکٹر خیام حفیظ، شکیل میر چنی اور علامہ یوسف اعوان شامل تھے۔

مزید :

علاقائی -