گوجرانوالہ ریجن ،بجلی کے 20ہزار سے زائد غیر قانونی کنکشنز سے ماہانہ ایک کروڑ روپے بھتہ وصولی

گوجرانوالہ ریجن ،بجلی کے 20ہزار سے زائد غیر قانونی کنکشنز سے ماہانہ ایک کروڑ ...

گوجرانوالہ(بیورورپورٹ)گوجرانوالہ ریجن میں بجلی کے20ہزار سے زائد اوورلوڈڈاورغیرقانونی کنکشنوں سے ماہانہ ایک کروڑروپے کے قریب بھتہ وصولی تسلسل سے جاری ہے جس میں متعدد ملازمین اوراعلی افسران شامل ہیں جبکہ بھتہ مافیا نے سرکاری شکنجے سے بچاؤکیلئے بعض پرائیویٹ کارندوں اورمڈل مینوں کی کمشن پرخدمات بھی حاصل کررکھی ہیں۔ ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق ریجن کے اضلاع نارووال‘ سیالکوٹ‘ گوجرانوالہ‘گجرات ‘منڈی بہاؤالدین اورحافظ آباد میں عرصہ دراز سے محکمے کاکرپٹ مافیا اپنے بڑے آقاؤں کی آشیرباد اورمخصوص تعلق سے ہزاروں اوورلوڈڈاورغیرقانونی کنکشن کھلے عام چلوارہا ہے ہزاروں فیکٹریوں ‘کارخانوں ‘ملز ‘پلازوں اوردیگر مختلف کیٹیگریوں کے کنکشن منظور شدہ لوڈ سے کہیں زیادہ لوڈ پر چل رہے ہیں جس سے گیپکو کا ترسیلی نظام بھی اوورہیٹ ہوکر باربار ٹرپ ہوتا رہتا ہے اوراوورلوڈڈمتعلقہ نصب شدہ ٹرانسفارمروں کی کپیسٹی سے کہیں زیادہ ہوتا ہے جس سے سرکارکے کروڑوں روپے مالیت کے ٹرانسفارمرز آئے روز جلتے رہتے ہیں یاخراب ہوجاتے ہیں اسی طرح متعددبااختیار افسران نے ’’مال پانی ‘‘لے کرہزاروں غیرقانونی کنکشن دے رکھے ہیں جس سے محکمے کے لائن لاسزمیں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ مصدقہ اطلاع کے مطابق محکمے کی جانب سے 7کلوواٹ کے انڈسٹری لوڈ کاکنکشن بغیر ذاتی ٹرانسفارمرکے دیئے جانے کی ہدایات ہیں اوراس کامیٹر بھی ’’پلین‘‘لگایاجاتا ہے جس پر’’لوڈ ریکارڈ‘‘نہیں ہوتا محکمے کی اس چھوٹ کااکثرآپریشنل افسران ملازمین فائدہ اٹھا کرفیکٹریوں،کارخانوں میں بغیرٹرانسفارمرکے کنکشن دے کرصارف سے لمبا مال کماتے ہیں اورمیٹر پرریکارڈ لوڈ نہ ہونے کی وجہ سے’’صارف‘‘وہاں ڈبل سے بھی زیادہ اوورلوڈنگ کرکے محکمے کے ترسیلی نظام کوبری طرح تباہ کررہے ہیں اورایسے اوور لوڈڈ کنکشنوں کی تعداد ہزاروں میں ہے اسی طرح بہت سے لائن سپریٹنڈنٹس حضرات نے بوگس اورفرضی رپورٹیں دے کرنان الیکٹریفائیڈ جگہوں اوردیگر مقامات پر لمبی لمبی تاریں ڈال کر جوکہ انتہائی خطرناک حدتک گلی محلوں اور بازاروں میں لٹکتی نظرآتی ہیں بھاری فیسوں کے فارمولے سے غیرقانونی کنکشن دے رکھے ہیں لمبی تاروں کی وجہ سے کھل عام محکمے کے قوانین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے دوسرا اس سے محکمے کاسسٹم بھی بڑی حدتک متاثرہورہا ہے ذرائع کے مطابق گیپکو کے درجنوں ملازمین اورافسران ایسے ہزاروں اوورلوڈڈاورغیرقانونی کنکشنوں سے بھاری بھتہ وصول کررہے ہیں اوربھتہ دینے سے انکاری ’’ صارف‘‘کونوٹس جاری کرکے اسے لاکھوں روپے مالیت کا انڈیپینڈنٹ ٹرانسفارمرڈالنے یاکنکشن منقطع کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریجن بھرمیں بھتہ خواری کاسلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے اوراعلی حکام میں مذکورہ تمام بدعنوانیاں اوربے ضابطگیاں نوٹس میں ہونے کے باوجود انہیں نے پراسرار خاموشی اختیارکررکھی ہے اس سلسلہ میں بعض گیپکو ملازمین کے مطابق اوورلوڈ اورغیرقانونی کنکشن صرف اسی ریجن میں ہی نہیں چل رہے ہیں پورے ملک کایہی حال ہے باقی بھتہ خوری والی بات جولیتے ہیں وہی بتاسکتے ہیں۔

مزید : علاقائی