پلاٹوں کی تقسیم کے خلاف درخواست پر ایل ڈی اے سے ریکارڈ طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے میاں نواز شریف کی بطور وزیراعلی پنجاب پلاٹوں کی تقسیم کے خلاف درخواست پر ایل ڈی اے سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے قرار دیاہے کہ دنیا بھر کے ممالک اپنا ریکارڈ ہمیشہ کے لئے محفوظ کر لیتے ہیں مگرپاکستان میں ایسا نہیں ہوتا، بظاہر ایل ڈی اے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایاانیس سو اٹھاسی میں میاں نواز شریف نے بطور وزیراعلی پنجاب لاہور کے علاقے گارڈن ٹاون میں قوانین کے برخلاف من پسند افراد میں پلاٹ تقسیم کیے اور اس وقت سے کئی گنا کم قیمت پر پلاٹ الاٹ کیے گئے لہذا عدالت تمام ریکارڈ طلب کر ے اور قانون کی خلاف ورزی پر الاٹمنٹ منسوخ کی جائے۔ ایل ڈی اے کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ پوری سکیم کا ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے تاہم اس کے لیے مزید مہلت دی جائے جس پر عدالت نے قرار دیا کہ دنیا بھر کے ممالک اپنا ریکارڈ ہمیشہ کے لیے محفوظ کر لیتے ہیں مگرپاکستان میں ایسا نہیں ہوتا بظاہر ایل ڈی اے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔ عدالت نے ایل ڈی اے سے پلاٹوں کی تقسیم کے حوالے سے تمام تر ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 28جولائی تک ملتوی کر دی۔