ورلڈ ہاکی لیگ: پاک بھارت مقابلہ 2-2 گول سے برابر ہو گیا
اینٹورپ(مانیٹرنگ ڈیسک)ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-2 گول سے برابرہو گیا ہے اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیاگیا ہے۔ اس میچ کے بعد پاکستان کے تین میچز میں 4 پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ بھارت نے تین میچز کھیل کر 7 پوائنٹس حاصل کر لئے ہیں۔
میچ کے پہلے کوارٹر میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ایک گول کر کے برتری حاصل کی تاہم میچ کے دوسرے کوارٹر میں پاکستان کے کپتان محمد عمران نے پنلٹی سٹروک پر گول کر کے بھارتی برتری ختم کر دی۔ تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کپتان محمد عمران نے دوسرا گول کر کے بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم کو 2-1 کی برتری دلا دی تاہم کچھ ہی دیر بعد بھارت کے رمندیپ سنگھ نے گیند پاکستان کے گول پوسٹ میں پھینک کر شاہینوں کی برتری ختم کر ڈالی اور ایک بار پھر میچ برابر کر دیا۔
میچ کے دوسرے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑی کو ہاکی مارنے پر ریفری نے بھارتی کھلاڑی ستبیر سنگھ کو ییلو کارڈ دکھاتے ہوئے پانچ منٹ کیلئے گرائونڈ سے باہر بھیج دیا۔ میچ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے بار بار فائول کیا گیا اور ریفری نے وارننگ بھی دی تاہم باز نہ آنے پر ریفری نے ییلو کارڈ دکھا دیا۔میچ کے تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے اہم کھلاڑی توثیق احمد ہاکی لگنے کے باعث زخمی ہو کر گرائونڈ سے باہر چلے گئے ہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگر آج کے میچ میں پاکستان بھارت کے خلاف فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو اس ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی بھی آسان ہو جائے گی۔ پاکستان اس ایونٹ میں اب تک دو میچز کھیلے ہیں اور ایک میں فتح حاصل کی ہے جبکہ دوسرے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے اپنا پہلا میچ پولینڈ کے خلاف کھیلا اور فتح حاصل کی تاہم دوسرے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست سے دوچار ہوا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت آخری بار ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوئے تھے جہاں پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست سے دوچار کیا تھا۔