عید کا تہوار برداشت ،امن و آشتی اور ہم آہنگی کی علامت ہے :ممنون حسین،نواز شریف
اسلام آباد (آئی این پی) عید الفطرکے اس مسرت بھرے موقع پر میں عالم اسلام کو بالعموم اوراہل پاکستان کو بالخصوص دل کی گہرائی سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور بارگاہ باری تعالیٰ میں دست بہ دعا ہوں کہ یہ مبارک موقع وطنِ عزیز ، اہلِ وطن اور عالم اسلام کے لیے خیروبرکت اور باہمی اتحاد کا باعث ہو۔ رمضان المبارک میں روزہ داری کے مقدس فریضے کی تکمیل کے بعد عیدالفطر کے تہوار کا انعقاد جہاں روزہ دار کے لیے اللہ کریم کی جانب سے انعام کے طور پر عطا ہوا، وہیں اس کے مقاصد میں مسلمانوں میں اتحاد، بھائی چارہ اور ہمدردی کی جذبے کا فروغ بھی شامل ہے۔ عید کا تہوار، رواداری ، برداشت ، امن و آشتی، ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کی علامت ہے۔ روزہ جہاں ہماری انفرادی روحانی تربیت کرتا ہے وہیں اجتماعی طور پر بھی ملت اسلامیہ کو ایک منظم وحدت میں پرو کر اس کے آفاقی اور عالمگیرپیغام کی تشہیرکا سبب بھی بنتا ہے۔
اسلام آباد (آئی این پی) عید الفطر کے پرمسرت موقع پر میں تمام اہلِ اسلام خصوصاً اہل پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں دعا گو ہوں کہ یہ دِن تمام پاکستانیوں کے لیے بے شمار خوشیوں اور مسرتوں کا باعث بنے۔عیدکی مبارک باد کا زیادہ مستحق وہ ہے جس نے ایمان اور احتساب کے ساتھ اِس ماہِ مبارک کے روزے رکھے،آخری عشرے کی طاق راتوں میں شبِ قدر کو تلاش کیااور اپنے رب کی طرف متوجہ ہونے کے لیے معتکف ہوا۔ عیدالفطر ملت اسلامیہ کا عالمی تہوار ہے۔ یہ تمام عالمِ انسانیت کے لیے محبت اور اخوت کا پیغام ہے۔ یہ دن اپنے اندر ہمدردی ، ایثار اور درد دِل سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا بھی دن ہے۔ عیدالفطرمسلمانوں کے لیے اجتماعی خوشی کا دِن ہے۔یہ ماہِ رمضان کاایک مبار ک دن تھا جب پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ رمضان المبارک ہمارے لیے تحریکِ آزادی کی خوشگوار یادوں سے منور ہوتا ہے۔اِس لیے عیدالفطر کا دِن پاکستان کی ملتِ اسلامیہ کے لیے بطورِ خاص مسرت کے احساس کا حامل ہے۔پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ایک گل دستہ ہے۔ہم سب مذہبی تہوار یکساں احترام کے ساتھ مناتے ہیں ۔جس طرح پاکستانی مسلم اپنے غیر مسلم بھائیوں اور بہنو ں کے مذہبی تہواروں میں شریک ہوتے ہیں، اسی طرح غیر مسلم پاکستانی بھی عید کے موقع پر مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔