آپریشن ردالفساد ،3دہشتگرد ہلاک ،کالعدم تنظیم کے رکن سمیت 15گرفتار

آپریشن ردالفساد ،3دہشتگرد ہلاک ،کالعدم تنظیم کے رکن سمیت 15گرفتار

  

روالپنڈی(صباح نیوز،اے این این)ملک بھر میں آپریشن رد الفساد جاری،سیکورٹی اداروں نے بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں آپریشن کئے۔ پشاور میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، بلوچستان سے کالعدم ٹی ٹی پی کا ایک مطلوب دہشت گرد پکڑا گیا۔ فیصل آباد، گوجرہ اور جڑانوالہ سے 12مشتبہ افراد زیرحراست۔ ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ بلوچستان ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں سکیورٹی اداروں کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں۔ آپریشن میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ کالعدم تنظیم کا ایک انتہائی اہم رکن گرفتار ہوا۔ اس کے علاوہ شدت پسندوں کے تین خفیہ اڈے مسمار کیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اور حساس ادارے نے ڈیرہ بگٹی اور کاہان میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے 3 کیمپ ملیا میٹ کر دیئے۔ 2 دیسی ساختہ آئی ای ڈیز برآمد کر کے ناکارہ بنا دی گئیں۔ پشین کے علاقے حرمزئی سے کالعدم ٹی ٹی پی کے مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا جو سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ پشاور کے علاقے متھرا میں آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد مارے گئے۔ ایک فوجی جوان اور تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ پنجاب رینجرز، سی ٹی ڈی، پولیس اور خفیہ اداروں کی جانب سے فیصل آباد، گوجرہ اور جڑانوالہ میں بھی آپریشنز کیے گئے، جن میں 12 مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا۔دوسر ی طرف بلوچستان کے علاقے وڈھ میں نامعلوم افراد کا جدید ہتھیاروں سے ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ ،جوابی فائرنگ سے 2دہشتگرد زخمی حالت میں گرفتار۔ زخمی حالت میں گرفتار ہونیوالے دہشتگردوں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لیکر مزید کارروائی شروع کردی ہے۔ بلوچستان کے علاقے کوہلو میں حساس اداروں اور سیکورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزکوہلو کے علاقے کاہان کے قریب مکی نالہ میں آپریشن ردالفساد کے تحت حساس اداروں اور سیکورٹی فورسزنے کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا آپریشن کے دوران بھاری میں اسلحہ برآمد کرلیاگیا ، اسلحہ میں ڈنگرا مشین گن 1 عدداس کے راؤنڈ170 عدد، اینٹی ٹینک مائنز 11 عدد، دھماکہ خیز مواد 42 پارسل، 81 مارٹر کے 8 راؤنڈ، 81پریمئر مارٹر کے66 راؤنڈ، مارٹر فیوز14 عدد،لائٹ مشین گن کے1328 راؤنڈ ، اینٹی ٹینک مائنز فیوز6 عدد، وائرلیس سیٹ کمونیکشن سسٹم ، اسلحہ ایمونیشن برآمد کر کے قبضے میں لے لیامزید کارروائی جاری ہے۔

آپریشن ردالفساد

مزید :

صفحہ اول -