انجینئرنگ کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کر دیا، جاوید قریشی
اسلام آباد (این این آئی ) پاکستان انجینئرنگ کونسل کے اعلیٰ ترین فورم واشنگٹن ایکارڈ میں مستقل رکنیت کے حصول کے حوالے سے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر جاوید قریشی نے کہا ہے کہ ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے پی ای سی نے انجینئرنگ کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ممبر ہونے کا اعزاز ملناباعث فخر ہے چونکہ پچھلے25برس میں صرف18ممالک کے انجینئرنگ کے تعلیمی معیار کی جانچ کے بعد انہیں واشنگٹن ایکارڈ کی ممبر شپ دی گئی۔ چیئرمین نے واشنگٹن ایکارڈ میں پاکستان کے انجینئرنگ کے تعلیمی معیار کی پذیرائی کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور اس سلسلے میں ڈاکٹر نیاز احمد اختر ، کنوینر برائے ایکریڈیشن کمیٹی اور ڈاکٹر ناصر محمو د خان، ہیڈ برائے پی ای سی ایکریڈیشن ڈویثرن اور ٹاسک فورس کے ممبران کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نے بتایا کہ واشنگٹن ایکارڈ میں شمولیت سے پاکستانی انجینئرز کے لئے دنیا بھر میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ مزید برآں اس سے نہ صرف انجینئرنگ کے طلباء اور ایجوکیشن انسٹیٹیوشنز کے اندراعتماد میں اضافہ ہو گا بلکہ بیرون ملک انجینئرنگ کمپنیزکے مابین بھی پاکستان میں انجینئرنگ کے شعبہ میں مشترکہ انویسٹمنٹ کے لئے دلچسپی پیدا ہو گی۔ چئیرمین نے کہا کہ پاکستان میں آؤٹ کم بیسڈ تعلیم متعارف کروانے کا سہرا پاکستان انجینئرنگ کونسل کے سر ہے جسے اب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تحت کام کرنے والی دیگر ایکریڈیشن کو نسلز بھی اپنے لائحہ عمل میں اختیار کر رہی ہیں۔