حکومت کی سنجیدہ کوششوں کی وجہ سے صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوئی، رانا اخلاق

حکومت کی سنجیدہ کوششوں کی وجہ سے صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوئی، ...

  

فیصل آباد (آن لائن)آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے چیئر مین رانا اخلاق نے کہا کہ حکومت کی سنجیدہ کوششوں کی وجہ سے صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے کئی اداروں میں دوسری اور تیسری شفٹ چلنے سے پیداوار میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے بھی مثبت اقدامات اٹھائے ہیں۔ آ ریل این جی کی درآمد سے با الخصوص ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کو چوبیس گھنٹے گیس دستیاب ہے جس کی وجہ سے اس شعبہ کی پیداوار بھی بڑھی ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی ، سرکاری محاصل میں اضافے اور بے روزگاری پر قابو پانے کیلئے برآمدات بڑھانا ضروری ہے۔ اس مقصد کیلئے حکومت کو بجٹ میں ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی نہ صرف حوصلہ افزائی کرنی ہوگی بلکہ اس کیلئے عملی طور پر مراعات کا بھی اعلان کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ کا مقصد محض ٹیکسوں کا حصول نہیں بلکہ معیشت کی بحالی ہونا چاہیئے کیونکہ ٹیکسوں میں اسی وقت اضافہ ہوگا جب لوگوں کی آمدن بڑھے گی اور لوگوں کی آمدن کو بڑھانے کیلئے حکومت کو موجودہ پالیسیوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹیکسوں کی موجودہ شرح کو بھی کم کرنا ہوگا۔

مزید :

کامرس -