متاثرین سانحہ بہاولپور کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، شجاعت حسین

متاثرین سانحہ بہاولپور کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، شجاعت حسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے بہاولپور میں آئل ٹینکر کے حادثہ میں بڑی تعداد میں شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثہ کا دکھ درد متاثرہ خاندان ہی جانتے ہیں جن پر عید سے ایک روز پہلے قیامت گزر گئی، ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ مسلم لیگی قائدین نے رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ سے فون پر رابطہ کیا اور حادثہ کے بارے میں تفصیلات دریافت کرنے کے علاوہ متاثرین سے رابطہ میں رہنے اور ان سے مکمل تعاون کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے حکومتی نااہلی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نالائق حکومت نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں میں ہمارے دور کے برن سینٹرز مکمل کیے ہوتے تو کئی قیمتی جانیں بچ سکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی ترجیح صحت اور ہسپتال ہے ہی نہیں کیونکہ ان کو ڈالر بناؤ منصوبے چاہئیں، یہ جہاں جاتے ہیں زبانی جھوٹے اعلان کر کے لوگوں کا دل بہلاتے ہیں، انہیں عوامی جان و مال کے تحفظ اور فلاح و بہبود کا کوئی خیال نہیں جس کا نتیجہ ہمیشہ کی طرح عوام اپنے نقصان کی صورت میں بھگت رہی ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے مزید کہا کہ جتنا پیسہ انہوں نے جنگلہ بس پر ضائع کیا ہے وہی پیسہ اگر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن پر لگایا جاتا تو حالات مختلف ہوتے۔
شجاعت حسین