گورنر سندھ محمد زبیر کا عیدالفطر کے موقع پر پیغام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کی برکت بھری ساعتوں کے اختتام پر عید کا یہ تہوار تمام پاکستانیوں کے لئے مسرت و شادمانی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی حریف بھارت کو چیمپئنز ٹرافی میں ہرانے سے اس عید کا لطف دوبالا ہوگیا ہے۔ ملک کے ہر ہر کونے میں ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا جارہا ہے اور پوری قوم مسرت کا یہ موقع فراہم کرنے پر سرفراز الیون کی مشکور ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر مستحق اور نادار افراد کو خوشیوں میں شریک کرنا ہی اصل عید ہے۔ وسائل نہ رکھنے والے افراد کے ہونٹوں پر مسکراہٹ بکھیرنے سے عید کے لطف کو دوبالا کیا جاسکتا ہے۔ آئیے آج اس بات کا عہد کریں کہ رمضان المبارک میں جس طرح ہم سب نے اپنے رب کے حضور عبادات کا نذرانہ پیش کیا اسے جاری رکھیں گے کیونکہ یہی رمضان المبارک کا پیغام ہے۔ گورنر سندھ کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کا جو خواب بابائے قوم نے دیکھا تھا اسے پورا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آج کے دن ہمیں عزم کرنا ہے کہ وہ رویے اپنائیں کہ ہر آنے والا ماہ و سال صوبے اور وطن عزیز کے لئے خوش حالی کا پیغام لائے ۔