کارکنان شہیدوں، اسیروں کے اہلخانہ کے ساتھ عید منائیں، فاروق ستار

کارکنان شہیدوں، اسیروں کے اہلخانہ کے ساتھ عید منائیں، فاروق ستار

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پرپاکستان سمیت بیرون ملک مقیم مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار خوشی اور مسرت کا تہوار ہے امت مسلمہ کے لئے یہ دن بہت اہمیت کا حامل ہے۔ عید المبارک پر اتحاد اور سلامتی اور ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے خصوصی دعا کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ عید سے چند دن قبل پاراچنار، کوئٹہ، کراچی میں دہشت گردی کے واقعات اور احمد پور شرقیہ میں ہونے والے ہولناک حادثہ نے عید کے دن کو غم و دکھ کی فضا ء میں دھکیل دیا ہے جس پر ہر آنکھ پرنم ہے تاہم میں یہ ضرور کہوں گا کہ اس پرمسرت دن کے موقع پر ارباب اقتدار بے گناہوں اورسیاسی بنیادوں پر گرفتار کئے گئے افراد کے لئے خصوصی رعایت کا اعلان کریں۔انہوں نے کہا کہ قوم کو خوشیاں اسوقت ملیں گیں جب نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل ہو اور ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہواور دہشت گردوں پر عرصہ حیات تنگ ہو جو ہر خوشی کے موقع پر قوم کو دہشت گردی کے ذریعے دکھ اور کرب میں مبتلا کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان عید کے موقع پر سب سے پہلے اپنے شہداؤں کے خاندانوں ، اسیر ساتھیوں اور انکے اہل خانہ ، لاپتہ ساتھیوں اور انکے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی اور انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے اور اس دن کے موقع پر ان کے لئے دعا گو ہے کہ اللہ تعالی اسیروں اور لاپتہ ساتھیوں کو جلد ہمارے درمیان لائے اور وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ خوشیاں منائیں۔ شہیدوں کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ہم انکے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ تمام شہیدوں ، اسیروں، لاپتہ ساتھیوں کے اہل خانہ کے ہمراہ عید منائیں اور انکی دلجوئی کریں کیونکہ شہداء ، اسیر اور لاپتہ کارکنان ہمارا سب کچھ ہیں انکی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائینگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک کے لئے افواج پاکستان ، قانون نافذ کرنے والے ادارے جانوں کے نذرانے دینے کے ساتھ ہمہ وقت سرحدوں پر متحرک ہیں ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ملک کو ہر قسم کی آفات ، بلیات اور سازشوں سے محفوظ رکھے اور ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ہر قسم کی سازشوں، جبر اور قدغن کا خاتمہ ہو اور ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان کے ساتھ روا ظالمانہ سلوک کا سلسلہ بند ہو۔ آخر میں ڈاکٹر فاروق ستار نے نیک خواہشات کے ساتھ دوبارہ عید کی مبارکباد دیتے ہوئے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس دن غریب و مظلوم عوام کے لئے خصوصی دعا کریں کہ انہیں انکا حق ملے ۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے کارکنان و ہمدردوں کو فردا فردا اور حق پرست عوام کو بھی عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -