شہدائے پولیس کے ورثاء باعث تعظیم ہیں،اشفاق خان

شہدائے پولیس کے ورثاء باعث تعظیم ہیں،اشفاق خان

  

گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ)شہداء کے ورثاء باعث تعظیم ہیں ۔ شہدائے پولیس کی فیملیز کی فلاح کے لئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے گزشتہ روز شہدائے پولیس کے اہل خانہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے فرائض کی ادائیگی میں اپنی جاں قربان کرنے والے 94شہدائے پولیس کے گھروں میں جا کر شہدا ء کے لواحقین سے ملاقات کی ۔ اہل خانہ میں تحائف و مٹھائی تقسیم کی۔ انہوں نے شہدا ء کی فیملیزکے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بچوں کو پیار کیا اور انکے مسائل دریافت کیے اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین د لایا۔ انہوں نے ایس پی ڈویژنز کو ہدایات کیں کہ وہ بھی اپنی اپنی ڈویژن میں طبی موت وفات پانے والے 108پولیس افسران کے گھروں میں تحائف و مٹھائی تقسیم کریں ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یونیفارم کی عزت و توقیر کا دامن اجلا رکھنا پولیس کے اولین فرائض میں شامل ہے ۔ شہید اء ایمان افروز روشنی کا وہ مینار ہے جس سے مسلم قومیں اپنے مستقبل کو درخشاں اور تابناک بناتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس اور ان کے اہل خانہ پولیس کا ا ثاثہ ہیں انہیں کسی سطح پر بھی اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا ۔ ضلعی پولیس شہدائے پولیس کے اہل خانہ کی غمی و خوشی میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے شہدائے پولیس کے زیر تعلیم بچوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیم کا خرچ محکمہ پولیس برداشت کرے گا ۔ سی پی او نے کہا کہ اگر کسی شہید کے اہل خانہ کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجک ان کے آفس میں ان سے باالمشافہ مل سکتے ہیں ۔ انہوں نے شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کے لئے دعائے خیر بھی کی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -