سانحہ احمد پور شرقیہ سے سبق سیکھ کر نئے ایس او پیز بنانا ناگزیر ہے :مریم اورنگزیب

سانحہ احمد پور شرقیہ سے سبق سیکھ کر نئے ایس او پیز بنانا ناگزیر ہے :مریم ...

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں ہونیوالے آئل ٹینکر حادثہ پر گہرے دکھ، رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے وزیراعظم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف امدادی کاموں اور ریسکیو سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور متاثرین کی ہر ممکن امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ گزشتہ رات مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو میں انکا مزید کہنا تھا یہ ایک بڑا اور المناک سانحہ ہے، اس سے سبق سیکھ کر نئے ایس او پیز بنانے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک سانحات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچاؤ کیلئے ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی پر تعلیمی، معلوماتی اور آگاہی پروگرام کا آغاز عید کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے آئے اور عوام کی آگاہی کیلئے پروگراموں میں اپنا کردار ادا کرے۔ دریں اثناء وزیر مملکت نے حادثہ میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور اﷲ تعالیٰ سے لواحقین کو صبر جمیل اور یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرنے ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔ انہوں نے کہا اوگرا نے متعلقہ آئل کمپنی سے اس واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ 24 گھنٹے میں طلب کی ہے، جو بھی ذمہ دار ٹھہرا اس کو عبرتناک سزا دی جائے گی۔ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں مختلف مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر برن سنٹرز قائم کرنے پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے برن سنٹرز کے قیام کے منصوبہ کے تحت جناح ہسپتال لاہور میں 74 بستر، نشتر ہسپتال ملتان میں 72 بستر، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں 74 بستر جلنے والے افراد کیلئے مخصو ص ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت پنجاب نے پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی متاثرین کیلئے طبی امداد کا اعلان کیا ہے۔

مریم اورنگزیب

مزید :

صفحہ آخر -