بلاول زرداری کی بھی قوم کو عیدالفطر سادگی سے منانے کی اپیل

بلاول زرداری کی بھی قوم کو عیدالفطر سادگی سے منانے کی اپیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے، جبکہ گزشتہ دو دنوں کے دوران پارا چنار، کوئٹہ اور کراچی میں رونما ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات اور بہاولپور سانحہ کے باعث عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے، عیدالفطر کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بالخصوص پاکستان کے مسلمانوں کو عید کی دلی مبارکباد دیتے ہیں، رمضان المبارک کے مبارک مہینے کے اختتام پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم پورا سال رواداری اور انسانی اقدار کے فروغ کیلئے اپنی خدمات کو جاری رکھیں گے۔ انسانی تاریخ میں برائی یا بدی مختلف اشکال میں نمودار ہوتی ہے، موجودہ دور میں اس برائی نے مذہبی کٹرپن اور تعصب کی شکل میں سر اٹھایا ہے اور مذہب کے نام پر لوگوں کا استحصال کیا جاتا ہے، ہمیں متحد ہوکر مذہبی انتہاپسندی کیخلا ف لڑنے کی ضرورت ہے جس کے تحت مذہبی تعصب پر مبنی سوچ کو لوگوں پر مسلط کیا جا رہا ہے، ہمیں ان عناصر کیخلاف بھی متحد ہوکر لڑنا ہے جو اپنے مفادات کے حصول کیلئے مذہب کے نام پر لوگوں کا استحصال کر رہے ہیں۔ آج کے دن ہمیں ان لوگوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو مستحق اور نادار ہیں اور جنہوں نے ملک میں قیام امن کیلئے دہشت گردی کیخلاف لڑائی میں قربانیاں دی ہیں ، خدا کرے رمضان کی رحمتیں پورا سا ل امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستانیوں کیساتھ رہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -