نماز عید کے اجتماعات امت مسلمہ کی اجتماعیت کی عملی تصویر ،عید الفطر کا حقیقی پیغام غریبوں ،مفلسوں ، یتیموں اور تنگ دستوں کو خوشیاں پہنچانا ہے :پیرزادہ ثاقب خورشید عالم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی رہنما اور سجادہ نشین پیر صاحب آف راجڑ شریف پیرزادہ ثاقب خورشید عالم نے کہا ہے کہ ماہ رمضان کے پورے مہینے میں اللہ کی اطاعت و بندگی کی سعادت حاصل کرنے والے بندوں کے لئے اللہ کی طرف سے انعام و اکرام کے لئے عید الفطر کا دن پوری امت کے ہر اس فرد کے لئے باعث اعزاز ہے جس نے ماہ صیام کو اس کے حقیقی تقاضوں کے مطابق گذارا ،عید الفطر امت مسلمہ کو پیغام دیتا ہے کہ غریبوں ،مفلسوں ، یتیموں ، تنگ دستوں ، مفلوک الحال اور فاقہ مستوں کو ہم نے حقیقی خوشیاں پہنچانی ہیں ۔
عید الفطر کے روز اپنے مریدین سے ملاقات کرتے ہوئے پوری ملت اسلامیہ کو عید کی مبارک کا پیغام دیتے ہوئے پیرزادہ ثاقب خورشید عالم نے کہا کہ دین اسلام اخوت و اجتماعیت اور اتحاد واتفاق کا درس دیتا ہے،دنیا بھر میں عید کے اجتماعات امت مسلمہ کی اخوت و اجتماعیت اور عالم گیر مسلم برادری کی دل کش اور عملی تصاویر پیش کرتے ہیں،آج کے روز نماز عید کے اجتماعات میں حاکم و محکوم ، دولت مند وحاجت مند، غنی و گدا، فرماں روا و بے نوا، نیاز مند و دردمند ،خواندہ و ناخواندہ ،روز گار و بے روزگارکسی تفریق کےبغیر سبھی مسلمان ایک ساتھ شریک عبادت نظر آتے ہیں ، اس موقع پر حاکم و محکوم کا کوئی امتیاز نہیں ہوتا اور سب ایک دوسرے سے بغل گیر ہو کر پوری دنیا کو یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں ،اس وقت امت کو کمزور اور غریب کی غمخواری کا یہ پیغام سارا سال جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسول ﷺ نے اپنی امت کو صرف عید کے روز ہی نہیں بلکہ ہر لمحہ اور ہر پل غریب و مساکین ، نادار ہمسائیوں اور عزیز و اقارب کا خیال رکھنے کی خصوصی تلقین کی ہے ،ہمیں اس روز اس بات کا عزم کرنا ہو گا کہ ہم اپنے قرب و جوار میں بسنے والے غربا و مساکین اور اپنے کمزور رشتہ داروں کو ہمیشہ نہ صرف سپورٹ کریں گے بلکہ انہیں معاشرے میں بہترین شہری بننے کے لئے کسی بھی کوتاہی کا شکار نہیں ہوں گے ۔اس موقع پر پیرزادہ ثاقب خورشید عالم نے اجتماعی دعا میں سانحہ کوئٹہ،پارا چنار،کراچی اور احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر میں لگنے والی خوفناک آگ میں جھلس کر جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت ،لواحقین کو صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد ازجلد صحت یابی ، پاکستان کی سالمیت اور ملک میں امن و امان کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں ۔پیرزادہ ثاقب خورشید عالم نے پوری قوم ،پاک فوج ،رینجرز ،پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ جو مخلوق کو نظر کرم سے نہیں دیکھتا، خالق بھی اس پر ابر کرم نہیں برساتا ۔