وزیراعلیٰ عثمان بزدار کاصوبہ بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف مہم تیز کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کاصوبہ بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف مہم تیز کرنے کا حکم
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کاصوبہ بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف مہم تیز کرنے کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبہ بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف مہم تیز کرنے کا حکم دیا ہے،
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب کوصوبہ بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف نتیجہ خیز ایکشن کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے متعلقہ اضلاع میں قبضہ گروپوں کی سرکوبی یقینی بنائیں۔ قبضہ گروپوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قبضہ مافیا خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اراضی اور جائیدادوں پر قبضے کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔قبضہ گروپوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیصل آباد ڈویژن کے اراکین اسمبلی سے ملاقات بھی کی جس دوران عوامی مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے ۔4گھنٹے میراتھون سیشن میں عوام کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ پراجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی گفتگوکی گئی ۔وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرو ں کی کمی دور کرنے کیلئے پنجاب حکومت 2 ہزار ڈاکٹرز بھرتی کرے گی۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں فیصل آباد ڈویژن کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔4 گھنٹے میراتھون سیشن میں اراکین صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ پراجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی گفتگوہوئی۔وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کی جانب سے ان کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔
وزیراعلیٰ نے شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے نیا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ حکومت شہروں میں سیوریج، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صفائی کے نظام میں بہتری اور دیگر سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے نئے پروگرام کا آغاز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فیصل آباد میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ماضی میں نمائشی منصوبوں کو شروع کرکے قومی خزانہ لٹایا گیاجبکہ ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے اور ہماری حکومت اراکین اسمبلی کی مشاورت سے علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
فیصل آباد ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کیلئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ایجوکیشن اور ہیلتھ فسلیٹز کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامی افسران وزٹ کرکے خود صورتحال کا جائزہ لیں اور بہتری کیلئے اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہاکہ فیصل آباد ڈویژن میں آب پاک اتھارٹی کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔جھنگ کے ریلوے سٹیشن کی تزئین و آرائش کے منصوبے کی منظوری وزارت ریلویز نے دے دی ہے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے غیر فعال واٹر سپلائی سکیموں کو بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ غیر فعال واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کیلئے بجٹ میں فنڈز رکھے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے فیصل آباد میں سپیڈو بسیں مہیا کرنے کیلئے فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ بدعنوان عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،جس محکمے میں بدعنوان ملازم ہیں، وہاں بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خلاف ہماری حکومت جہاد کر رہی ہے۔کرپٹ عناصر کو عہدوں پر نہیں رہنے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بعض بدعنوان افسران کے خلاف اراکین اسمبلی کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کیس اینٹی کرپشن کو بھجوانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ جن تحصیلوں میں ریسکیو 1122 کی عمارتیں مکمل ہو چکی ہیں وہاں پر ریسکیو 1122کی سروسز کو جلد فعال کیاجائے گا۔
صوبائی وزراءچوہدری ظہیرالدین، آشفہ ریاض، حافظ ممتاز احمد، اجمل چیمہ، تیمور خان بھٹی، مہر محمد اسلم، چیف وہپ پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر فیصل آباد ڈویڑن، آر پی او، سی پی او فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، جھنگ اور چنیوٹ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس کے علاوہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں انٹر سٹی ائیر کنڈیشنڈ بسوں پر مجوزہ سیلز ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ کیاگیا اورکابینہ نے مجوزہ سیلز ٹیکس واپس لینے کی اتفاق رائے سے منظوری دی.وزیراعلیٰ نے مجوزہ ٹیکس واپس لینے کے حوالے سے فنانس بل میں ضروری ترمیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس ٹیکس کے واپس لینے سے صوبے کے عوام کو ریلیف ملے گا اور پنجاب حکومت آئندہ بھی عوام کو ریلیف دینے کے لئے مزید اقدامات کرے گی-انہوں نے کہاکہ مشکل اقتصادی حالات میں ساتھ دینے پر اپنی کابینہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزید :

قومی -