مریم نواز کی سیاست میں سب سے بڑی کمی یہ ہے‘‘ سہیل وڑائچ نے کیا بات کہی کہ مریم نواز بھی خاموش نہ رہ پائیں

Jun 26, 2019 | 11:50 AM

اسلام آبا د(ڈیلی پاکستان آن لائن )ن لیگ کی نائب صدر مریم نوازشریف آج کل اپنے والد کو جیل سے باہر نکلوانے کیلئے جدو جہد کر رہی ہیں اوراسی سیاسی منظر نامے کو مد نظر رکھتے ہوئے سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے ایک تحریر لکھی جس میں انہوں نے مریم نوازشریف کے طرز سیاست پرروشنی ڈالی تاہم اس تحریرکو پڑھنے کے بعد نوازشریف کی صاحبزادی نے بھی اپنے رد عمل کا اظہارکیا ۔
سہیل وڑائچ کی تحریر نجی ویب سائٹ ” اردو نیوز“ پر شائع ہو ئی ہے جس میں ان کا کہناتھا کہ مریم نوازشریف نے جب سے سیاست شروع کی ہے وہ جمہوری بیانیے کو جارحانہ انداز میں پیش کرتی ہیں اور ان کی زندگی کا سب سے پہلا سیاسی بیان پرویزمشرف کے دور 2001 میں اس وقت سامنے آیا جب نوازشریف ، حسین نواز اور شہبازشریف پابند سلاسل تھے ۔ مریم نواز نے اپنے جمہوری بیانیے کو اینٹی اسبلشمنٹ سیاست سے جوڑنے کی کوشش کی تھی ۔
سہیل وڑائچ کا کہناتھا کہ اس بیان سے آج تک کے بیس سال میں مریم نوازشریف کبھی مکمل خاموش رہیں اور کبھی پس پردہ رہیں اور کبھی کبھی سب سے بڑھ کر بولتی رہیں مگر وہ جب بھی بولیں اپنے جمہوری بیانیے پر قائم ہیں خاموشی کے لمبے وقفوں کو آپ مصلحت کہہ لیں یا سیاست کے نشیب و فراز کا نام دیں۔ مریم نواز کی 20 سالہ سیاست میں سب سے بڑی خامی یہ رہی ہے کہ اس میں تسلسل نہیں ہے ان کے والد مشکل میں ہوں، جیل میں ہو یا کسی امتحان سے گزر رہے ہوں تو وہ متحرک ہو جاتی ہیں۔ ان کا بیانیہ تیز اور بہادرانہ ہو جاتا ہے۔ ان کے والد مشکل سے نکل آئیں، جیل سے رہائی ہو جائیں یا امتحان سے گزر جائیں تو مریم نواز خاموشی کی چادر اوڑھ کر والد کی خدمت میں جت جاتی ہیں۔ اچھی بیٹیاں ایسی ہوتی ہیں مگر اچھا سیاستدان ایسے نہیں بنا جا سکتا۔ گزشتہ 20 سالوں میں وہ اپنی والدہ کلثوم نواز کی ہوبہو نقل کرتے ہوئے نواز شریف کے مشکل وقت میں ہی باہر نکلتی ہیں۔ کلثوم نواز کا بھی یہی انداز سیاست تھا مگر دونوں کے چیلنجز مختلف ہیں۔
کلثوم اپنے شوہر کی نائب کی حیثیت سے سیاست کرتی تھیں مگر مریم کو بطور جانشین سیاست کرنی ہے۔ کلثوم نواز کی سیاست سے طویل غیر حاضری کو کوئی محسوس نہیں کرتا تھا کیونکہ نواز شریف ان کی کمی محسوس نہیں ہونے دیتے تھے۔ جبکہ مریم جانشین ہیں اور ان کی غیرحاضر اورخاموش سیاست میں ان کے نمبر کم کردیتی ہے۔
سہیل وڑائچ کی اس تحریری کو مریم نوازشریف نے ٹویٹر پر شیئر کیا اور ساتھ پیغام لکھا کہ ” سہیل وڑائچ صاحب صحافت کا ایک بہت بڑا اور میرا پسندیدہ نام ہیں، ان کی کہی اور لکھی باتوں سے راہنمائی لیتی ہوں۔ یہ کالم بھی بغور پڑھا اور کہی، ان کہی باتوں کو نوٹ بھی کیا۔“

مزیدخبریں