پاکستان نے اب تک ناقابل شکست رہنے والی نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کردیا

پاکستان نے اب تک ناقابل شکست رہنے والی نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست ...
پاکستان نے اب تک ناقابل شکست رہنے والی نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کردیا

  


برمنگھم (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم ترین مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 6  وکٹوں سے شکست دے دی۔ کیویز سائڈ نے عالمی کپ میں پہلی بار شکست کا مزہ چکھا ہے جبکہ شاہینوں کی یہ تیسری فتح ہے جس کے ساتھ ہی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔ خیال رہے کہ 1992 کے ورلڈ کپ میں بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم ناقابل شکست تھی اور اسے پاکستان نے ہی پہلی بار ہرایا تھا ۔ اس سے پہلے ہونے والے میچ میں جس طرح آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ہرایا ہے اسی طرح 1992 کے ورلڈ کپ میں بھی یہی صورتحال بنی تھی ، ایک دن پہلے آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دی اور اگلے روز پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرادیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 238 رنز کا ہدف گرین شرٹس نے 49 اعشاریہ  1  اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے سٹار بلے باز بابر اعظم نے شاندار سنچری سکور کی اور اس کے ساتھ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے تین ہزار رنز بھی مکمل کیے۔ وہ ون ڈے میں تیز ترین 3 ہزار رنز پورے کرنے والے ایشین بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی 10 ویں سنچری سکور کی ۔

کئی میچوں میں ٹیم سے باہر بیٹھنے والے حارث سہیل نے اس میچ میں بھی اپنی سلیکشن کو درست ثابت کیا اور ایک ایسے وقت میں آکر ٹیم کو سنبھالا جب فخر زمان، امام الحق اور محمد حفیظ ایک ایک کرکے آﺅٹ ہوچکے تھے۔ انہوں نے شاندار اننگ کھیلی اور 68 رنز بنا کر اس وقت رن آؤٹ ہوئے جب پاکستان کو جیت کیلئے صرف 2 رنز درکار تھے۔پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے 32، امام الحق نے 19 اور فخر زمان نے صرف 9 رنز سکور کیے۔

قبل ازیں   نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدائی اوورز میں ہی محمد عامر نے قومی ٹیم کو کامیابی دلا دی اور صرف 5 کے انفرادی سکور پر مارٹن گپٹل کو کلین بولڈ کر دیا۔ 24 کے مجموعی سکور پر کولن منرو بھی 12 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں 14 رنز کے اضافے کے بعد روز ٹیلر بھی صرف 3 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے تیرہویں اوور میں قومی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلائی اور ٹام لاتھم کو صرف 1 کے مجموعی سکور پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔گرینڈ ہوم 64رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر رن آوٹ ہوئے ۔پاکستان کے شاہین آفریدی نے 3جبکہ محمد عامر اور شاداب خان نے 1,1وکٹ حاصل کی ۔

مزید : کھیل /Breaking News /اہم خبریں