”پاکستان اب بھی سیمی فائنل میں جا سکتا ہے یہ اس کی خوش قسمتی ہے اور آج کا میچ۔۔۔“ مصباح الحق نے قومی ٹیم کیلئے اہم پیغام جاری کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں انتہائی ناقص کارکردگی دکھانے کے باوجود بھی سیمی فائنل میں جانے کی امیدیں روشن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مصباح الحق نے کہا کہ ”نیوزی لینڈ کو شکست دینے کیلئے پاکستان کو اپنی بہترین کرکٹ کھیلنا ہو گی خاص طور پر فیلڈنگ پر توجہ دینا پڑے گی۔ ناقص کارکردگی کے باوجود پاکستان سیمی فائنل میں جا سکتا ہے اور اسے چاہئے کہ وہ نیوزی لینڈ کیخلاف جاری میچ کو فائنل میچ سمجھے۔“
ان کا مزید کہنا تھا کہ ”پاکستان کی کارکردگی میں بہتری کی شدید گنجائش موجود ہے اور آج کے میچ میں انہیں اپنی غلطیاں نہیں دہرانی چاہئیں۔ اس کے علاوہ باڈی لینگوئج بھی بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے جو آسٹریلیا اور بھارت کیخلاف میچ میں منفی جبکہ جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں مثبت تھی۔“