اسلامی ممالک میں سازش کے تحت بحران پیدا کیے جا رہے ہیں،مدارس و مساجد ملک میں انتشار و فساد پھیلانے کی کسی سازش میں شریک نہیں ہوں گے:علامہ طاہر اشرفی

اسلامی ممالک میں سازش کے تحت بحران پیدا کیے جا رہے ہیں،مدارس و مساجد ملک میں ...
اسلامی ممالک میں سازش کے تحت بحران پیدا کیے جا رہے ہیں،مدارس و مساجد ملک میں انتشار و فساد پھیلانے کی کسی سازش میں شریک نہیں ہوں گے:علامہ طاہر اشرفی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مدارس و مساجد ملک میں انتشار و فساد پھیلانے کی کسی سازش میں شریک نہیں ہوں گے ، مدارس عربیہ کے طلباء و اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کو سنجیدہ اقدامات کرنے ہیں، خلیج میں پیدا ہونے والی صورتحال سے پوری دنیا متاثر ہو گی، اسلامی ممالک میں ایک سازش کے تحت بحران پیدا کیے جا رہے ہیں، پاکستان تمام اسلامی ممالک کیلئے اہم ہے ، آرمی چیف اور وزیر اعظم مسلم ممالک کے درمیان دوریاں ختم کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔

عرب ممالک کے دورے سے واپسی پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت تمام طاقتور اسلامی ممالک کو کمزور کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں ، عرب ممالک ، امریکہ اور ایران کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال سے عالمی دنیا کا امن متاثر ہو گا ، سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی طرف سے مسلسل حملے کیے جا رہے ہیں،سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان اور عرب قیادت ایران سے جنگ نہ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں لیکن سمندر میں ہونے والے حملے اور سعودی عرب کے شہریوں کو مسلسل نشانہ بنایا جانا خطہ میں عدم استحکام پیدا کرنے کی خوفناک سازش ہے ، جس کا اصل ہدف ارض حرمین شریفین کا امن و سلامتی ہے ،پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ ارض حرمین شریفین کی سلامتی و استحکام کیلئے سعودی عرب کی پشت پر کھڑی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی ایک مضبوط قوت ہے ، پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا تمام اسلامی ممالک میں بہت احترام پایا جاتا ہے اور اسلامی ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی خلیج کو دور کرنے کیلئے جنرل باجوہ اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کسی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی ، مدارس عربیہ کے اساتذہ و طلباء ملک میں استحکام چاہتے ہیں ، عدم استحکام کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گی ، حکومت کو بڑھتی ہوئی مہنگائی پر کنٹرول کرنا چاہیے اور عوام کی پریشانی کا خیال کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یکم جولائی کو اسلام آباد اور 28 جون کو لاہور میں ’’وحدت اُمت ‘‘کانفرنسیں ہوں گی اور یکم جولائی سے ملک بھر میں پاکستان علماء کونسل استحکام پاکستان کانفرنسیں منعقد کرے گی۔