ہر چیز پر ٹیکس لیکن وہ ایک چیز جس سے پنجاب حکومت نے ٹیکس ہٹادیا، عوام کو خوشخبری سنادی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) بجٹ سے پہلے ہی نئے ٹیکسز کی بھرمار ہو گئی تھی اور بجٹ میں جتنے ٹیکس لگائے گئے، اس پر تو عوام بلبلا اٹھے ہیں، تاہم ایک ایسی چیز ہے جس سے پنجاب حکومت نے ٹیکس ہٹا دیا ہے۔ ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق یہ پبلک ٹرانسپورٹ بسیں ہیں۔ صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے پنجابیوں کو یہ مژدہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ ”صوبائی حکومت نے فنانس بل 2019-20ءمیں ایک ترمیم کی ہے جس کے ذریعے پبلک ٹرانسپورٹ بسوں پر عائد ٹیکس ہٹا دیا گیا ہے۔“
صوبائی وزیر کے مطابق اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے ڈیڑھ ارب روپے عوام کو ریلیف دینے کے لیے بھی مختص کیے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں کابینہ میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ ”ریونیو اکٹھا کرنے میں پنجاب باقی تمام صوبوں سے بہت آگے ہے۔ تاہم صوبائی حکومت موجودہ معاشی بحران کے خاتمے کے لیے ٹیکس بیس بڑھانے کے لیے سخت کوششیں کر رہی ہے۔“