22کروڑ عوام اپوزیشن رہنماؤں کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں: عثمان بزدار

  22کروڑ عوام اپوزیشن رہنماؤں کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پنجاب اسمبلی(فیلیٹزہوٹل) میں ان کے چیمبر میں صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوامی نمائندوں کے علاقوں کے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پوری توجہ ہے -عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتاہوں - میرے دروازے آپ سب کے لئے کھلے ہیں اورعوام کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہوں -ہم تشہیر کم اور کام زیادہ کرتے ہیں -موجودہ بجٹ میں ہر علاقے کی یکساں ترقی پر فوکس کیا گیا ہے- وزیراعلیٰ نے کہاکہ منتخب نمائندے اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں - 22کروڑ پاکستانی عوام اپوزیشن رہنماؤں کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔آج واویلا کرنے والوں نے اپنے دور میں شعبہ صحت کو بری طرح نظرانداز کیا او ر یہ لوگ اپنے دور میں ایک بھی ہسپتال ایسا نہیں بنا سکے جہاں یہ اپنا علاج کراسکیں۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں صوبائی وزراء محمد محسن لغاری،محمد اجمل چیمہ،شوکت علی لالیکا، اراکین پنجاب اسمبلی نیاز حسین خان،میاں علمدار عباس قریشی،نوابزادہ منصور احمد خان،فیصل حیات، شکیل شاہد،محمد لطیف نذر،مخدوم سیدافتخار گیلانی،فردوس رہنانہ،ساجدہ بیگم،ثانیہ کامران، شمیم آفتاب،ساجدہ یوسف،عابدہ بی بی، عون ڈوگر اور دیگر شامل تھے- چیف وہپ رکن پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ اورگڈگورننس کمیٹی کے سیکرٹری کرنل (ر) اعجاز حسین منہیس بھی اس موقع پر موجود تھے - سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج فلیٹیز ہوٹل میں صوبائی کابینہ کا 31واں اجلاس منعقد ہوا،جس میں سمبلی(نارتھ) ریزرو فاریسٹ کو سالٹ رینج نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ کیاگیا-پنجاب کابینہ نے13700ایکڑ اراضی پر سالٹ رینج نیشنل پارک کے قیام کیلئے نوٹیفکیشن کے اجراء کی منظوری دے دی -نیشنل پارک میں درخت کاٹنے اور شکار پر پابندی ہوگی اورنیشنل پارک کی اراضی کسی دوسرے مقصد کے لئے استعمال نہیں ہوسکے گی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نیشنل پارک کی مینجمنٹ کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی نیشنل پارک کے امور کی نگرانی کرے گی-صوبائی کابینہ نے پنجاب میں صوبائی محتسب کے عہدے کیلئے میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی تقرری کی منظوری دی-اجلاس میں فلور ملوں کو گندم ریلیز کرنے کے لئے عبوری پالیسی 2020-21 کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیا-سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی گندم ریلیز کرنے کی پالیسی کے بارے میں حتمی سفارشات پیش کرے گی-کابینہ اجلاس میں دی کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1925 اور دی پنجاب ان ڈیزار ایبل (Undesirable)کوآپریٹو سوسائٹیز (Dissolution) ایکٹ 1993 میں ترامیم کی منظوری دی گئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے 10سال کے بعد پہلی بار ریکارڈ گندم خریدی ہے اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں رکن پنجاب اسمبلی،سنٹر آف ایکسیلینس اور دانش سکول اتھارٹی کی چیئرپرسن سمیرا احمد نے ملاقات کی۔چیئرپرسن دانش سکول اتھارٹی سمیرا احمد نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سنٹر آف ایکسیلینس اور دانش سکولز کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سنٹر آف ایکسیلینس کے حوالے سے 100 فیصد اہداف حاصل کرنے پر اظہار اطمینان کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وہاڑی میں قائم دانش سکول کو جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دانش سکول سسٹم میں مثبت اصلاحات لائی جائیں گی۔سردار عثمان بزدارنے دیپالپور کے علاقے بصیر پور میں گھر کی چھت گرنے سے3 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیاہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہارکیا ہے- وزیراعلی عثمان بزدار نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ضلعی انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے-

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -