سنتھیا رچی کو ڈیپورٹ کرنے کی درخواست پر سماعت آج ہوگی

  سنتھیا رچی کو ڈیپورٹ کرنے کی درخواست پر سماعت آج ہوگی

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کو پاکستان سے ڈی پورٹ کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، چیف جسٹس اطہر من اللہ آج سماعت کریں گے۔پیپلز پارٹی راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری چوہدری افتخار نے سنتھیا رچی کو پاکستان سے ڈی پورٹ کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی ہے جس میں سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری داخلہ، ایف آئی اے اور ایس ای سی پی کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سنتھیارچی ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے اور اس کی رسائی حساس اداروں تک ہے، وہ 10 سال سے پاکستان میں ہے اور اس کے ذرائع آمدن کا معلوم نہیں، سنتھیارچی کا کوئی کاروبار ایس ای سی پی کے پاس بھی رجسٹرڈ نہیں ہے۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ امریکی شہری نے بے نظیر بھٹو پر بھی الزامات عائد کیے اور عالمی سطح پر ملکی ساکھ کو نقصان پہنچایا، ایف آئی اے معاملے کی انکوائری کر رہا ہے، امریکی شہری کی سرگرمیاں محدود کی جائیں۔اسلام آباد میں جمع کروائی گئی درخواست میں درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ امریکی شہری سنتھیا رچی کا ویزہ مارچ میں ختم ہو چکا، اس کا پاکستان میں قیام غیر قانونی ہے، عدالت سنتھیارچی کو پاکستان سے ڈی پورٹ کرنے کے احکامات جاری کرے۔

سنتھیا رچی

مزید :

صفحہ اول -