چیئرمین اپیلیٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو پاکستان کی تقرری کیخلاف درخواست پر اٹارنی جنرل طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ نے چیئرمین اپیلیٹ ٹربیونل ان لینڈریونیو پاکستان شاہد مسعود منظرکی تقرری کے خلاف دائردرخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو طلب کر لیا ہے۔جسٹس عائشہ اے ملک نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کیاہے، عدالت نے 9 ستمبر کے لئے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں،عدالتی عبوری تحریری حکم میں کہاگیاہے کہ سرکاری وکیل نے عدالتی استفسار پربتایاکہ سزا یافتہ، ماضی میں گرفتار شدہ شخص چیئرمین ان لینڈ ریونیو کے عہدے کا اہل نہیں چیئرمین ان لینڈ ریونیو ٹربیونل کا عہدہ ہائیکورٹ کے جج کی اہلیت کا متقاضی ہے،اس سے قبل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ شاہد مسعود منظر کو 9 سالہ بچی سے بداخلاقی کے کیس میں ایک سال 6 ماہ قید کی سزا ہوئی،شاہد مسعود چیئرمین اپلییٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو کی اہلیت کی شرائط پر پورا نہیں اترتے،شاہد مسعود منظر نے 1991ء میں بی اے کیا جبکہ سپریم کورٹ میں پیش کردہ ریکارڈکے مطابق انہوں نے 1989ء میں ایم اے کیا،عدالت چیئرمین اپلیٹ ٹربیونلز ان لینڈ ریونیو کی تقرری کالعدم قراردے اور چیئرمین اپلیٹ ٹربیونلز ان لینڈ ریونیو کی تقرری قانون کے مطابق کرنے کا حکم دیا جائے۔
اٹارنی جنرل طلب