حکومت بچوں کو بنیادی تعلیم کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے،راجہ راشد حفیظ

حکومت بچوں کو بنیادی تعلیم کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے،راجہ راشد حفیظ

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ بنیادی تعلیم ہر بچے کا حق ہے جس کیلئے حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ والدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس حق سے محروم نہ رکھیں اور سو فیصد شرح خواندگی کے حصول میں حکومتی کاوشوں کا حصہ بنیں۔ انہوں نے محکمہ لٹریسی کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ غیر رسمی سکولوں اور تعلیم بالغاں کے نئے منصوبوں کی بر وقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں علاوہ ازیں ان مراکز میں محض لکھنا پڑھنا سکھانے کی بجائے تعلیم کو با مقصد بنا کر معاشرے کی اصلاح و بہتری کیلئے حکومت کے ویژن پر پوری طرح عمل کیا جائے۔

انہوں نے یہ ہدایات سیکریٹری لٹریسی سمیرا صمد سے محکمہ کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ لیتے ہوئے جاری کیں۔ راجہ راشدحفیظ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق غیر رسمی بنیادی تعلیم کے شعبے کو ترقی کے قومی دھارے میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانے اور اسے محض خانہ پری سے نکال کر با مقصد بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے جو عملی اقدامات کئے ہیں ان کے نتیجے میں معاشرے کے اندر ایک واضع تبدیلی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر رسمی بنیادی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو ریگولر سکولوں کی طرح مشاہداتی علم کی سہولیات بھی فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے ہی جو اس سے قبل نہیں تھے ہماری ان کاوشوں کے نتیجے میں نہ صرف شرح خواندگی کے مطلوبہ نتائج حاصل ہوں گے بلکہ ہر بچے کو تعلیم جیسا اس کا بنیادی حق ملے گا اور تعلیم کے دوران اس کی بہترین تربیت بھی ہوگی جس سے ذمہ داری شہری اور باعمل مسلمان بننے میں ان کو مدد ملے گی۔ راجہ راشد حفیظ نے سیکریٹری لٹریسی سے کہا کہ وہ تمام متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں رہ کر نئے شروع کئے گئے منصوبوں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائیں تاکہ عام لوگ ان سے مستفید ہو سکیں۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ وہ خود بھی ان منصوبوں کی نگرانی کیلئے دوروں کے علاوہ متعلقہ حکام سے رابطوں میں ہیں اور رہیں گے۔ سیکریٹری لٹریسی نے صوبائی وزیر کو نئے لٹریسی سکولوں، پہلے سے موجود سکولوں میں غیر موجود سہولیات کی فراہمی، تعلیم بالغاں بالخصوص جیلوں کے اندر بنائے اور اپ گریڈ کئے گئے تعلیمی مراکز کے حوالے سے منصوبوں پر پیش رفت بارے آگاہ کیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -