وزارت غذائی تحفظ نے گندم کی درآمد کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی بنادی

          وزارت غذائی تحفظ نے گندم کی درآمد کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی بنادی

  

اسلام آباد (این این آئی) وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق نے گندم کی درآمد کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دیدی۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کی سربراہی وزارت کے ایڈیشنل سیکرٹری کریں گے۔ 5 ممبران میں سینئر جوائنٹ سکریٹری، فوڈ سکیورٹی کمشنر اول اور دوم، ڈی جی ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن اور گندم امپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہیں۔ کمیٹی کا مقصد امپورٹ پرمٹ جاری کرنے کے عمل کا جائزہ لینا ہے۔ کمیٹی ملک میں درآمد کی جانے والی گندم کی مقدار کی نگرانی کرے گی، روزانہ ڈی پی پی سے درآمدی پیشرفت جمع کرائے گی۔ کمیٹی وزارت تجارت، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک جیسے اسٹیک ہولڈرز کے مابین ہم آہنگی پیدا کرے گی۔ اعلامیہ کے مطابق پاسکو ذخائر سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو گندم فراہمی شروع ہوگئی ہے،وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں ملک میں گندم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے گئے۔ نجی شعبہ کے ذریعہ گندم کی درآمد کی جائیگی، پاسکو خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کو گندم مہیا کرے گی،پنجاب فوڈ ڈپارٹمنٹ سے 9 لاکھ ٹن گندم صوبے کی فلور ملوں کو جاری کیا جائے گا، پاسکو نے ایم او یو کے تحت 1 لاکھ ٹن گندم مہیا کی، محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے اب تک 6 درآمد کنندگان کو دو لاکھ 40 ہزار ٹن گندم درآمد کرنے کیلئے درآمدی اجازت دیدی۔ اعلامیہ کے مطابق صوبوں کو گندم کی آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنانے اور افغانستان کو گندم سمگلنگ روکنے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

کمیٹی تشکیل

مزید :

صفحہ آخر -