حج پر سعودی فیصلہ قرآن و سنت کے مطابق، مکمل حمایت کرتے ہیں، ساجد میر
لاہور (خصوصی رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر ساجد میر نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے نام الگ الگ تہنیتی خطوں میں امسال حج کی محدود پیمانے پرادائیگی کے انعقاد کے فیصلے پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کا خیر ہم مقدم کرتے ہیں۔ یہ فیصلہ شریعت کے حکم اور موجودہ حالات کے عین مطابق ہے۔مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سعودی حکومت کے حج سے متعلق ہر فیصلے کی تائید کرتی ہے اور ان حالات میں حج جیسے اہم فریضے کی ادائیگی کے انعقاد پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتی ہے۔کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے سعودی حکومت کی طرف سے مقرر کردہ احتیاطی تدابیر کے فیصلے کی بھی تائید کرتے ہیں۔سعودی حکومت کا یہ فیصلہ شریعت کے حکم کے مطابق ہے، کیونکہ قرآن کریم کہتا ہے ”اپنے آپ کو ہلاکت میں مت ڈالو“ایک اور جگہ فرمایا ”اپنی جانوں کو قتل نہ کرو“رسول اللہ نے فرمایا ہے کہ ”کوڑھ کے مرض میں مبتلا شخص سے ایسے دور بھاگو جیسے شیر سے بھاگتے ہو“۔یہ فیصلہ شریعت اسلامی کی ہدایات کے مطابق ہے کہ انسانیت کو نقصان سے بچا کر فائدہ پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی ہمیشہ سے اولین ترجیح مسلمان حج اور عمرہ محفوظ ماحول میں ادا کرسکیں اور ہر قسم کے وائرس، بیماریوں اور نقصان سے محفوظ رہیں۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان حج 2020ء کے بارے میں کئے گئے سعودی فیصلے کی دل و جان سے مکمل حمایت وتائید کرتی ہے۔
ساجد میر