برسوں حکومت کرنے والوں کا پی ٹی آئی کو ناکام کہنا مضحکہ خیز ہے،ہمایو ں اختر
لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک پر کئی دہائیوں تک حکمرانی کرنے والی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دو سال بعد ہی تحریک انصاف کی حکومت کو ناکام قرار دینا مضحکہ خیز ہے،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف متحد ہے اور ہمارے سیاسی مخالفین جو امیدیں لگا کر بیٹھے ہیں ان پر ہمیشہ کی طرح پانی پھر جائے گا،معاشی مشکلات میں بے پنا ہ اضافے کے باوجود آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسی شعبے پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا لیکن وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں مبتلا اپوزیشن کی تسکین ہی نہیں ہو رہی۔
۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں خاندانی سیاست کو پروان چڑھایا گیا اور کوئی بھی پارٹی کے اندر اور قیادت کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار نہیں کر سکتا، مسلم لیگ (ن) میں ایک سینئر رہنما نے صرف اشاروں کناروں میں بات کی تھی لیکن ان کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا اس سے سب آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور آگے بڑھ رہی ہے لیکن ہمارے سیاسی مخالفین جوامیدیں لگا کر بیٹھے ہیں ان کی تمام امیدوں پر پہلے کی طرح پانی پھر جائے گا اور منہ چھپاتے پھریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی کشتی کو منجدھار سے نکالنے میں کامیاب ہو گئے تھے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے دوبارہ مشکلات کا سامنا ہے،ہم ہرگز مایوس نہیں اور انشا اللہ کورونا وائرس کی وباء تھم جانے کے بعد ترقی کی رفتار کو دوبارہ بڑھایا جائے گا اور پانچ سال میں حکومت کی کارکردگی یقینی طو رپر متاثر کن ہو گی۔