دورہ انگلینڈ، 5ریزرو کرکٹرز اور مینجمنٹ کے ایک رکن کا کورونا ٹیسٹ مکمل

  دورہ انگلینڈ، 5ریزرو کرکٹرز اور مینجمنٹ کے ایک رکن کا کورونا ٹیسٹ مکمل

  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ تصدیق کرتا ہے کہ 5ریزرو کرکٹرز اور مینجمنٹ کے ایک رکن کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مکمل کرلیے گئے ہیں۔ پانچ ریزرو کھلاڑیوں میں بلال آصف، عمران بٹ، محمد نواز، موسیٰ خان اور روحیل نذیر کے نام شامل ہیں۔ جمعرات کو ہونے والے ٹیسٹ میں مینجمنٹ کے ایک رکن، مساجر محمد عمران کا کوویڈ 19 ٹیسٹ بھی لیا گیا۔بلال آصف، عمران بٹ، موسیٰ خان اور محمد نواز کو پہلے ہی دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ 4 ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کرلیا گیا تھا تاہم محمد رضوان کی جگہ روحیل نذیر کی بطور بیک اپ وکٹ کیپر اور ملنگ علی کی جگہ محمد عمران کی بطور بیک اپ مساجر کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی۔قومی اسکواڈ کی ٹیسٹنگ کے پہلے مرحلے میں وکٹ کیپر محمد رضوان اور مساجر ملنگ علی کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔جمعرات کو اسکواڈ میں شامل 18 کھلاڑیوں اور منیجمنٹ میں شامل 11 اراکین کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا دوسرا مرحلہ مکمل کرلیا گیا جبکہ پہلے مرحلے میں مثبت نتائج آنے والے 10 کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کے ایک رکن کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ 26 جون بروز جمعہ کو ہوگا۔پی سی بی تمام ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 27 جون بروز ہفتے کو کرے گا۔ اس وقت تک پی سی بی اس حوالے سے مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -